اسلام آباد میں منعقدہ پاکستان-ایران بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے پاکستان اور ایران کے مابین دیرینہ برادرانہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے اقتصادی تعاون اور علاقائی روابط کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
فورم میں ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزیشکیان اور ان کے اعلیٰ سطحی وفد نے بھی شرکت کی۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدے کو حتمی شکل دینے کی مثبت پیش رفت کا خیر مقدم کرتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اقتصادی سفارت کاری پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے اور پاکستان-ایران بزنس فورم جیسے پلیٹ فارمز دوطرفہ تجارت کو مضبوط کرنے اور توانائی، زراعت، صنعت اور ٹیکنالوجی سمیت اہم شعبوں میں تعاون کے فروغ کے لیے اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

انہوں نے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان روابط بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا، تاکہ مشترکہ خوشحالی کو یقینی بنایا جا سکے۔
مزید جانیں: ایرانی صدر کی وزیراعظم ہاؤس میں آمد، چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا
واضح رہے کہ اس سے قبل اسحاق ڈار نے ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزیشکیان سے اسلام آباد میں ملاقات کی، جو ایرانی صدر کے دورۂ پاکستان کا حصہ تھی۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا، جب کہ سیاسی، تجارتی، رابطوں اور سیکیورٹی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر خصوصی زور دیا گیا۔