پاکستان کے وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ مگرمچھ اربوں روپے کھاکر آرام سے ریٹائرمنٹ کی زندگی گزار رہے ہیں، سیاستدان تو ان کا بچا کچا کھاتے ہیں اور چولیں مارتے ہیں۔
سماجی رابطے کی سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے ایک بیان میں خواجہ آصف نے الزام لگایا ہے کہ آدھی سے زیادہ بیورو کریسی پرتگال میں پراپرٹی لے چکی ہے، شہریت لینے کی تیاری کررہی ہے، مگرمچھ اربوں روپے کھا کر آرام سے ریٹائرمنٹ کی زندگی گزار رہے ہیں، سیاستدان تو ان کا بچا کچا کھاتے اور چولیں مارتے ہیں۔
وزیر دفاع نے کہا کہ عثمان بزدار کا قریب ترین بیوروکریٹ بیٹیوں کی شادی پر چار ارب کی سلامی وصول کرچکا ہے، اب آرام سے ریٹائرمنٹ کی زندگی گزار رہا ہے۔
وطن عزیز کی آدھی سے زیادہ بیوروکریسی پرتگال میں پراپرٹی لے چکی ھے اور شہریت لینی کی تیاری کر رہی ھے۔ اوریہ نامی گرامی بیوروکریٹس ھیں ۔ مگر مچھ اربوں روپے کھا کے آرام سے ریٹائرمنٹ کی زندگی گزار رہیں۔ بزدار کا ایک قریب ترین بیوروکریٹ چار ارب بیٹیوں کی شادی پر صرف سلامی وصول کر چکا…
— Khawaja M. Asif (@KhawajaMAsif) August 5, 2025
انہوں نے کہا کہ سیاستدان تو بیورو کریسی کا بچا کچا کھاتے اور چولیں مارتے ہیں، نہ پلاٹ نہ غیرملکی شہریت کیونکہ الیکشن لڑنا ہوتا ہے، پاک سرزمین کو یہ بیوروکریسی پلید کررہی ہے۔
ایکس پر جاری کردہ اپنے ایک اور بیان میں خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا احتجاج اس لیے ناکام ہوا کیونکہ اس کی لیڈرشپ اب دو نمبر ہوگئی ہے۔ صبح بھڑکیں مارتے ہیں اور رات کو پاؤں پکڑ لیتے ہیں۔ اپنی وفاداری کا یقین دلاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ دو نمبری انہوں نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے سیکھی ہے، جو صبح بھڑک مارتا تھا اور شام کو لیٹ جاتا تھا۔