Follw Us on:

فلسطینیوں کو روز بھوک یا گولی میں سے کسی ایک سے موت کا انتخاب کرنا پڑتا ہے، پاکستان

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
Gaza
غزہ میں امدادی سامان کی تقسیم بھی موت کا باعث بن رہی ہے۔ (فوٹو: رائٹرز)

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے سلامتی کونسل میں مشرق وسطیٰ اور غزہ کی سنگین صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطینیوں کو روزانہ کی بنیاد پر دو جان لیوا راستوں ,بھوک سے مرنا یا امدادی مراکز جاتے ہوئے گولیوں کا نشانہ بننا، میں سے ایک کا انتخاب کرنا پڑ رہا ہے۔

نجی خبررساں ادارے انڈیپینڈنٹ اردو کے مطابق عاصم افتخار نے سلامتی کونسل کو آگاہ کیا کہ مئی سے اب تک 1200 سے زائد فلسطینی ایسے وقت میں جاں بحق ہوئے، جب وہ امداد کے حصول کی کوشش کر رہے تھے۔ اب غزہ میں امدادی سامان کی تقسیم بھی موت کا باعث بن رہی ہے۔

یورپ کے لیے اقوام متحدہ کے اسسٹنٹ سیکریٹری جنرل میراسلوو جینکا نے بھی سلامتی کونسل کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اسرائیل مسلسل انسانی امداد کو غزہ میں داخل ہونے سے روک رہا ہے، جب کہ جو امداد دی جا رہی ہے، وہ بھی انتہائی ناکافی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ غزہ میں ہر طرف بھوک نظر آتی ہے اور بچوں کے چہروں پر فاقہ کشی کے اثرات واضح ہیں۔ والدین اپنے بچوں کے لیے خوراک کے حصول میں جانیں خطرے میں ڈالنے پر مجبور ہیں۔

Asim iftikhar ahmad
غزہ میں ہر طرف بھوک نظر آتی ہے۔ (فوٹو: گوگل)

پاکستانی مندوب نے نیویارک ٹائمز کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ فلسطینیوں کو زبردستی دو مہلک راستوں میں سے ایک کا انتخاب کرنا پڑ رہا ہے۔ جب سے جنگ کا آغاز ہوا ہے، ہر ایک گھنٹے میں ایک فلسطینی بچہ قتل کیا گیا ہے۔ اب تک 60 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جن میں 18 ہزار 500 بچے شامل ہیں۔

عاصم افتخار نے اپنی بات میں واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ کا بھی ذکر کیا، جس کے مطابق ان بچوں کے نام اور عمریں شائع کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف ان کا ذاتی دعویٰ نہیں بلکہ بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کی تصدیق شدہ رپورٹس ہیں۔

دوسری جانب اقوام متحدہ نے گزشتہ جمعے کو تصدیق کی کہ 27 مئی کے بعد سے اب تک تقریباً 1,400 فلسطینی غزہ میں امداد کے انتظار میں جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

مزید پڑھیں: غزہ: غذائی بحران شدت اختیار کرگیا، اسرائیلی فائرنگ اور بھوک سے مزید 83 فلسطینی شہید

واضح رہے کہ سنگین انسانی بحران کے پیش نظر پاکستان نے فلسطینی بھائیوں کی مدد کے لیے امدادی سامان روانہ کر دیا ہے۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق ایک خصوصی پرواز 100 ٹن امدادی سامان لے کر پیر کو اسلام آباد سے اردن کے دارالحکومت عمان روانہ ہوئی۔ امدادی سامان میں 65 ٹن ڈبہ بند خوراک، 20 ٹن خشک راشن اور بچوں کا دودھ، پانچ ٹن بسکٹس اور 10 ٹن ادویات شامل ہیں۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

متعلقہ پوسٹس