ویسٹ انڈیز نے پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے اپنی 15 رکنی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔ تین میچز پر مشتمل یہ سیریز 8 اگست سے ٹرینیڈاڈ میں کھیلی جائے گی۔
شائی ہوپ کی قیادت میں ویسٹ انڈیز ٹیم پاکستان کے خلاف میدان میں اترے گی، جس میں کئی نوجوان چہروں کو شامل کیا گیا ہے۔ 18 سالہ وکٹ کیپر بیٹر جیول اینڈریو، جنہوں نے گزشتہ سال سری لنکا کے خلاف اپنا ڈیبیو کیا تھا، اسکواڈ کا حصہ ہیں اور حالیہ انگلینڈ سیریز میں بھی اپنی جگہ برقرار رکھنے میں کامیاب رہے ہیں۔
بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر جیدیہ بلیڈز، جنہوں نے 2024 میں بنگلہ دیش کے خلاف ڈیبیو کیا تھا انہیں بھی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ اسی طرح عامر جنگو، جنہوں نے اپنے ون ڈے ڈیبیو پر سنچری بنا کر شہرت حاصل کی، اس مرتبہ بھی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔ وہ مئی میں آئرلینڈ کے خلاف بھی ویسٹ انڈیز کی نمائندگی کر چکے ہیں۔
ٹیم میں آل راؤنڈر روماریو شیفرڈ کی واپسی بھی ہوئی ہے، جو گزشتہ سال بنگلہ دیش کے خلاف آخری بار ون ڈے اسکواڈ کا حصہ تھے۔

دیگر کھلاڑیوں میں کیسی کارٹی، روسٹن چیس، میتھیو فورڈ، جسٹن گریوز، شمر جوزف، برینڈن کنگ، ایون لیوس، گڈاکیش موٹی، شیرفین ردرفورڈ اور جیڈن سیلز شامل ہیں۔
ویسٹ انڈیز کے ہیڈ کوچ ڈیرن سیمی کا کہنا ہے کہ یہ سیریز ٹیم کے لیے نہ صرف ایک نیا چیلنج ہے بلکہ رینکنگ بہتر بنانے کا ایک اہم موقع بھی ہے۔ ان کے مطابق ہماری نظریں 2027 ورلڈ کپ پر ہیں،ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنا ہمارا ہدف ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان جیسی مضبوط ٹیم کے خلاف میچز قیمتی رینکنگ پوائنٹس حاصل کرنے کا موقع فراہم کرتے ہیں، جو ورلڈ کپ کے لیے ٹیم کی پوزیشن کو بہتر بنا سکتے ہیں۔
مزید پڑھیں؛آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ جاری، حسن نواز اور صائم ایوب کی لمبی چھلانگ
اس وقت آئی سی سی کی ون ڈے رینکنگ میں ویسٹ انڈیز دسویں نمبر پر موجود ہے، جبکہ پاکستان چوتھے نمبر پر ہے۔
یاد رہےکہ پاکستان نے حالیہ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں ویسٹ انڈیز کو 2-1 سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کی تھی۔