Follw Us on:

’سیکیورٹی خدشات‘، پاکستان کا ایشیا ہاکی کپ 2025 میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ، کون سا ملک شامل ہوگا؟

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
Hockey
ایشیا ہاکی کپ 2025 کا انعقاد 27 اگست سے 7 ستمبر تک انڈیا کے شہر راجگیر میں ہوگا۔ (فوٹو: ڈان نیوز)

پاکستان نے ایشیا ہاکی کپ 2025 میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ قومی ہاکی ٹیم سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر انڈیا نہیں جائے گی، جس کے باعث ٹورنامنٹ میں پاکستان کی جگہ بنگلہ دیش کو شامل کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن نے اس فیصلے سے ایشین ہاکی فیڈریشن کو آگاہ کر دیا ہے۔ فیڈریشن کے سیکریٹری رانا مجاہد نے بتایا کہ پاکستان کو پہلے بھی انڈیا میں کھیلنے پر تحفظات رہے ہیں اور اب بھی سیکیورٹی خدشات موجود ہیں۔

ان کے مطابق انڈین حکومت کی جانب سے کھلاڑیوں کی حفاظت کے حوالے سے کوئی واضح یقین دہانی نہیں کرائی گئی، اور پاکستان اپنے کھلاڑیوں کی جان کو کسی خطرے میں نہیں ڈال سکتا۔

Pakistan hockey team to travel india for asia cup 2025
پاکستان ہاکی فیڈریشن نے اس فیصلے سے ایشین ہاکی فیڈریشن کو آگاہ کر دیا ہے۔ (تصویر: نیوز18)

انہوں نے واضح کیا کہ بنگلہ دیش کو ٹورنامنٹ میں شامل کرنے کے بارے میں پاکستان کو پیشگی اطلاع نہیں دی گئی، تاہم پاکستان ہاکی فیڈریشن اپنی حکومت کے فیصلوں کی پابند ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایشیا کپ میں شرکت نہ کرنے کے باوجود پاکستان کے پاس ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے کا موقع موجود رہے گا۔

مزید پڑھیں؛ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ جاری، حسن نواز اور صائم ایوب کی لمبی چھلانگ

فیڈریشن کے ذرائع کے مطابق انڈین انتہاپسند تنظیموں کی جانب سے پاکستانی ٹیم کو سنگین دھمکیاں موصول ہوئی تھیں، جس پر پاکستان نے انڈیا اور ایشین ہاکی فیڈریشن دونوں کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔ ان حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت پاکستان نے ٹیم کو انڈیا نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا۔

ایشیا ہاکی کپ 2025 کا انعقاد 27 اگست سے 7 ستمبر تک انڈیا کے شہر راجگیر میں ہوگا۔ ٹورنامنٹ میں انڈیا، چین، جاپان، ملائیشیا، جنوبی کوریا، عمان اور چائنیز تائپے کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

متعلقہ پوسٹس