صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) ضمنی انتخابات میں میدان سے بھاگ گئی ہے، انہیں ہمارے ساتھ الیکشن لڑنے کے لیے امیدوار ہی نہیں مل رہے۔
ماڈل ٹاؤن میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی بورڈ کے اجلاس میں ضمنی انتخابات اور تنظیمی امور پر تفصیلی مشاورت ہوئی اور الیکشن لڑنے کے خواہشمند افراد کے حوالے سے تجاویز لی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات کے لیے کس امیدوار کو ٹکٹ دی جائے گی، اس کا فیصلہ قائد مسلم لیگ (ن) میاں نواز شریف خود کریں گے۔
مزید پڑھیں: پاکستانی وزیرِ دفاع کا انڈین ایئر چیف کے مضحکہ خیز بیان پر ردِعمل: ‘جھوٹ سے جنگوں میں فتح نہیں ملتی’
عظمیٰ بخاری نے دعویٰ کیا کہ ن لیگ کی ٹکٹ کی مانگ بہت زیادہ ہے اور ایک ایک نشست کے لیے 15 سے زائد امیدوار میدان میں ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پارلیمانی بورڈ صرف موزوں اور اہل امیدوار کو ہی ٹکٹ جاری کرے گا، جب کہ بورڈ کا آئندہ اجلاس جلد بلایا جائے گا۔
عظمیٰ بخاری نے طنزیہ انداز میں کہا کہ پی ٹی آئی کے پاس نہ امیدوار بچے ہیں اور نہ ہی حوصلہ، وہ الیکشن سے فرار اختیار کر چکے ہیں۔