Follw Us on:

ترکیہ کے مغربی علاقے میں 6.1 شدت کا زلزلہ، ایک شخص جاں بحق

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
Turkiya
ترکیہ کے شمال مغربی صوبے بالیق اسیر میں اتوار کی شام 6.1 شدت کا زلزلہ آیا،( فوٹو: رائٹرز)

 ترکیہ کے شمال مغربی صوبے بالیق اسیر میں اتوار کی شام 6.1 شدت کا زلزلہ آیا، جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور ایک درجن سے زائد عمارتیں منہدم ہوگئیں۔

عالمی نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق  ایک گھر کے ملبے سے چار افراد کو نکالا گیا، جن میں سے تین اسپتال میں زیرِ علاج ہیں، جبکہ ایک 81 سالہ شخص زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

ترکیہ کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (آفاد) کے مطابق زلزلہ مقامی وقت کے مطابق شام 7 بج کر 53 منٹ (16:53 جی ایم ٹی) پر آیا، جس سے تقریباً 30 افراد زخمی ہوئے۔ جھٹکے متعدد صوبوں میں محسوس کیے گئے، جن میں ملک کا سب سے بڑا شہر استنبول بھی شامل ہے۔

آفاد نے بتایا کہ پہلے گھنٹے میں چھ آفٹر شاکس ریکارڈ کیے گئے، جن میں ایک کی شدت 4.6 تھی، اور شہریوں کو ہدایت کی گئی کہ وہ متاثرہ عمارتوں میں داخل نہ ہوں۔

ترکیہ کے  وزیرِ داخلہ یرلی قایا کا کہنا تھا کہ امدادی و ریسکیو آپریشن مکمل کرلیا گیا ہے اور مزید کسی بڑے نقصان یا جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ انہوں نے بتایا کہ بجلی اور پانی کی فراہمی میں کوئی تعطل نہیں آیا۔

آفاد کے مطابق زلزلے کا مرکز صندرگی قصبہ تھا، جو 11 کلومیٹر (6.8 میل) کی گہرائی میں آیا، جبکہ جرمن ریسرچ سینٹر فار جیو سائنسز (جی ایف زیڈ) نے اس کی شدت 6.19 اور گہرائی 10 کلومیٹر (6.2 میل) ریکارڈ کی۔

یہ بھی پڑھیں:’غزہ کے سب سے بہادر صحافیوں میں سے ایک‘، اسرائیلی فضائی حملے میں الجزیرہ کا صحافی شہید ہوگیا

ترک صدر رجب طیب ایردوان نے متاثرہ شہریوں سے اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے جلد صحت یابی کی دعا کی۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ اللہ ہمارے ملک کو ہر قسم کی آفات سے محفوظ رکھے۔

ترکیہ متعدد فالٹ لائنز پر واقع ہونے کے باعث زلزلوں کا شکار رہتا ہے، خصوصاً 1 کروڑ 60 لاکھ آبادی والا استنبول شہر انتہائی حساس ہے۔ رواں سال اپریل میں شہر میں 6.2 شدت کا زلزلہ آیا تھا، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔

مزید پڑھیں:انڈیا کا تین ماہ بعد جنگ میں پاکستان کے چھ طیارے مار گرانے کا دعویٰ، کیا یہ مودی کا اقتدار بچانے کی کوشش ہے؟

فروری 2023 میں ترکیہ اور ہمسایہ ملک شام میں 7.8 شدت کے دو تباہ کن زلزلوں 53 ہزار سے زائد افراد جاں بحق ہوئے، جبکہ شام میں مزید 6 ہزار افراد جاں بحق ہوئے تھے۔

Author

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

متعلقہ پوسٹس