پاکستان محکمہ موسمیات (پی ایم ڈی) نے منگل کو پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ دنوں میں ملک کے بیشتر حصوں میں بارش، ہوا اور گرج چمک کے نئے اور وسیع سلسلے کا آغاز ہوگا، جبکہ مون سون کی شدت 17 اگست سے بڑھنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرۂ عرب سے مون سون کے نم ہوائیں ملک کے بالائی حصوں میں مسلسل داخل ہو رہی ہیں، جبکہ خلیج بنگال سے آنے والی ہوائیں رواں ہفتے کے وسط میں مزید مضبوط ہو جائیں گی۔ اس کے ساتھ ایک مغربی ہوا کا سلسلہ بھی 17 اگست سے ملک کے بالائی علاقوں کو متاثر کرے گا۔
ان موسمی حالات کے تحت 14 سے 17 اگست کے دوران اسلام آباد، کشمیر، بالائی پنجاب، خیبر پختونخوا (کے پی) اور گلگت بلتستان (جی بی) میں بارش، ہوا اور گرج چمک کے ساتھ کہیں کہیں موسلا دھار بارش متوقع ہے۔
بارشوں کا سلسلہ 18 سے 21 اگست تک شمالی علاقوں میں جاری رہے گا، جن میں وادی نیلم، مظفرآباد، راولا کوٹ، پونچھ اور جی بی کے اضلاع شامل ہیں۔ 18 سے 21 اگست تک کے پی میں بھی وسیع پیمانے پر بارشیں ہوں گی، جبکہ دیر، سوات، مانسہرہ، ایبٹ آباد، پشاور اور مردان میں بھاری سے بہت بھاری بارش کا امکان ہے۔
جنوبی اضلاع — بنوں، لکی مروت، وزیرستان، ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان ،میں بھی وقفے وقفے سے بارش اور بعض مقامات پر موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔
پنجاب کے اضلاع، جن میں اسلام آباد،راولپنڈی، مری، گلیات، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور فیصل آباد شامل ہیں، 18 سے 21 اگست کے دوران بھاری بارشوں کا سامنا کریں گے، جبکہ جنوبی اضلاع میں وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔
مزید پڑھیں: ملک کی معاشی ترقی کے لیے خواتین ہماری افرادی قوت کا حصہ ہیں، شہباز شریف
بلوچستان کے کچھ علاقے جن میں بارکھان، ژوب، خضدار، گوادر اور پنجگور شامل ہیں، اور سندھ کے کئی اضلاع جیسے کراچی، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ اور تھرپارکر میں 18 سے 22 اگست کے دوران بارش متوقع ہے۔