Follw Us on:

’14 اگست روشن مستقبل کی علامت‘، ملک بھر میں یومِ آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
Shahbaz shreef

پاکستان کا 78 واں یوم آزادی جمعرات کو ملک بھر میں ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ رات 12 بجتے ہی جشن کا آغاز ہوا اور انڈیا کے خلاف تاریخی فتح اور آزادی کی خوشی میں شہروں، گلیوں اور محلوں کو سبز ہلالی پرچموں اور روشنیوں سے سجا دیا گیا۔

کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ اور ملتان سمیت ملک کے ہر حصے میں چراغاں اور آتشبازی کا اہتمام کیا گیا، جبکہ شہری ریلیوں کی صورت میں سڑکوں پر نکل آئے۔

اسلام آباد کے جناح اسپورٹس کمپلیکس میں یوم آزادی اور معرکہ حق کی فتح کی مرکزی تقریب ہوئی جس میں صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان شریک ہوئے۔

تقریب میں وفاقی وزرا، اراکین پارلیمنٹ، دوست ممالک کے سفیروں اور شہریوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

پاک آرمی، پاک بحریہ، پاک فضائیہ، پنجاب رینجرز اور ایف سی خیبر پختونخوا کے چاق چوبند دستوں نے مارچ پاسٹ کیا، جبکہ تینوں مسلح افواج کے بینڈز نے ملی نغمے پیش کیے۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے یادگار معرکہ حق کے ماڈل کی نقاب کشائی بھی کی۔

دن کے آغاز پر اسلام آباد، لاہور اور کوئٹہ میں 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ نماز فجر کے بعد ملکی ترقی، امن، خوشحالی اور یکجہتی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

14 august celebration
تقریب میں وفاقی وزرا، اراکین پارلیمنٹ، دوست ممالک کے سفیروں اور شہریوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ (فوٹو: اسکرین گریب)

مزار قائد کراچی اور مزار اقبال لاہور میں گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریبات بھی منعقد ہوئیں۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے قوم کو آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ دن جرات، اتحاد اور قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ معرکہ حق میں کامیابی غیر متزلزل عزم اور قومی اتحاد کا ثبوت ہے، انڈیا کی بلاجواز جارحیت کے جواب میں پاکستان نے تحمل اور بھرپور قوت سے دفاع کیا، اور دنیا آج پاکستان کو امن کا خواہاں مگر دباؤ کے آگے نہ جھکنے والا ملک سمجھتی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے قوم کو یوم آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ دن وحدت، ثابت قدمی اور روشن مستقبل کے عزم کی علامت ہے۔

مسلح افواج نے اس موقع پر اُن رہنماؤں اور سپاہیوں کو بھی خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے وطن کی بنیادیں رکھیں۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

متعلقہ پوسٹس