Follw Us on:

اٹلی کے ’لامپے ڈوسا جزیرے‘ کے قریب دو کشتیاں ڈوبنے سے 26 تارکینِ وطن ہلاک، 60 افراد بچ گئے

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
Boat
حادثے کے بعد 60 افراد کو زندہ بچا لیا گیا جبکہ تقریباً 10 افراد تاحال لاپتا ہیں۔ (فوٹو: الجزیرہ)

اٹلی کے لامپے ڈوسا جزیرے کے قریب بحیرہ روم کے وسطی حصے میں دو کشتیاں ڈوبنے سے کم از کم 26 تارکینِ وطن ہلاک ہو گئے۔

یہ واقعہ بدھ کو پیش آیا جب لیبیا کے دارالحکومت طرابلس سے روانہ ہونے والی دو کشتیاں لامپے ڈوسا کے قریب حادثے کا شکار ہوئیں۔

اطالوی کوسٹ گارڈ کے مطابق ایک کشتی میں پانی بھرنے پر اس پر سوار افراد دوسری کشتی میں چڑھ گئے جو زیادہ وزن کے باعث الٹ گئی۔ حادثے کے بعد 60 افراد کو زندہ بچا لیا گیا جبکہ تقریباً 10 افراد تاحال لاپتا ہیں۔

اطالوی ریڈ کراس کے مطابق بچ جانے والوں میں 56 مرد اور چار خواتین شامل ہیں۔ اقوام متحدہ کی مہاجرین ایجنسی آئی او ایم کے ترجمان فلاویو دی جیاکومو نے بتایا کہ دونوں کشتیوں پر تقریباً 95 افراد سوار تھے اور اندازہ ہے کہ 35 افراد ہلاک یا لاپتا ہیں۔

اطالوی خبر رساں ادارے اے این ایس اے کے مطابق ابتدائی طور پر مردہ خانے منتقل کی گئی لاشوں میں ایک نومولود، تین بچے، دو مرد اور دو خواتین شامل تھے۔

Boat.
اطالوی وزیرِ اعظم جارجیا میلونی نے واقعے پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انسانی سمگلروں کے خلاف کارروائی تیز کی جائے گی۔ (فوٹو: الجزیرہ)

لامپے ڈوسا تیونس کے ساحل سے 145 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے اور یورپ پہنچنے کی کوشش کرنے والے تارکینِ وطن کا پہلا پڑاؤ سمجھا جاتا ہے۔

بدھ کو اطالوی مالیاتی پولیس کے ہیلی کاپٹر نے لامپے ڈوسا سے 14 ناٹیکل میل کے فاصلے پر الٹی ہوئی کشتی اور کئی لاشیں پانی میں دیکھیں۔

اس کے بعد پانچ جہاز، ایک ہیلی کاپٹر اور دو طیارے زندہ بچ جانے والوں کی تلاش میں شریک ہوئے جن میں یورپی یونین کی بارڈر ایجنسی فرنٹیکس کا جہاز بھی شامل تھا۔

اطالوی وزیرِ اعظم جارجیا میلونی نے واقعے پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انسانی سمگلروں کے خلاف کارروائی تیز کی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ صرف امدادی کارروائیاں بڑھانا کافی نہیں بلکہ غیر قانونی سفر روک کر اور مہاجرت کے بہاؤ کو منظم کر کے ہی اس مسئلے کا حل نکالا جا سکتا ہے۔

اقوام متحدہ کی پناہ گزین ایجنسی یو این ایچ سی آر کے مطابق رواں برس اب تک وسطی بحیرہ روم کے راستے سفر کرنے والے 675 تارکینِ وطن ہلاک ہو چکے ہیں۔

اطالوی وزارتِ داخلہ کا کہنا ہے کہ بدھ تک اس سال 38 ہزار 263 تارکینِ وطن اٹلی پہنچ چکے ہیں جو گزشتہ برس کے برابر لیکن 2023 کے مقابلے میں کم تعداد ہے۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

متعلقہ پوسٹس