Follw Us on:

قذافی اسٹیڈیم اپ گریڈیشن سہ ملکی سیریز سے قبل ہوجائے گی: پی سی بی

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
فائل فوٹو / گوگل

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ڈائریکٹر انفراسٹرکچر جواد قاضی نے قذافی اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش کے آخری مراحل کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اسٹیڈیم کی مکمل اپ گریڈیشن جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کی سہ ملکی سیریز سے قبل مکمل کر لی جائے گی۔ اس وقت اسٹیڈیم کے تمام کام انتہائی تیز رفتاری سے مکمل کیے جا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ اسٹیڈیم کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتا نہ کیا جائے اس کے لیے واضح حکمتِ عملی سے کام لیا جار ہا ہے۔

آج میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جواد قاضی نے اس بات کا انکشاف کیا ہےکہ قذافی اسٹیڈیم کی تمام کرسیاں آج رات تک نصب کر دی جائیں گی، جس کے بعد اسٹیڈیم کی اندرونی سہولتیں مکمل طور پر فعال ہو جائیں گی۔ اسی کے ساتھ پویلین اور دفتر کی عمارتوں کے فنشنگ کا کام مکمل ہو چکا ہے اور اب فرنیچر کی تنصیب کا کام جاری ہے۔ یہ اسٹیڈیم کے جدید معیار کی طرف ایک اور اہم قدم ہے۔

فائل فوٹو / گوگل

دوسری طرف اسٹیڈیم کے بیرونی علاقے میں صفائی اور ملبہ صاف کرنے کا کام بھی جاری ہے تاکہ اسٹیڈیم کی ظاہری شکل کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔ جواد قاضی نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے اسٹیڈیم کی اپ گریڈیشن میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جا رہی اور تمام کام مقررہ وقت پر ہوجائیں اس کے لیے نہایت احتیاط سے کام کیا جارہا ہے۔

 ڈائریکٹر انفراسٹرکچر پی سی بی کے مطابق قذافی اسٹیڈیم کی خوبصورتی میں اضافے کے لیے پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) نے پھول، گھاس اور درخت لگانے کا عمل شروع کر دیا ہے، جس سے اسٹیڈیم کے اندر اور باہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا۔ مزید یہ کہ شائقین کو بہترین تجربہ فراہم کرنے کے لیے اسٹیڈیم کے باہر صفائی کا کام بھی کیا جارہا ہے۔

جواد قاضی نے کہا ہے کہ اسٹیڈیم میں آٹھ نئے گیٹ نصب کیے گئے ہیں، جس سے شائقین کے لیے داخلے اور اخراج کی سہولیات بڑھیں گی اور میچ کے دوران ٹریفک کا دباؤ کم ہوگا۔

فائل فوٹو / گوگل

ڈائریکٹر انفراسٹرکچر پی سی بی نے سرکاری محکموں کے تعاون کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کے مشترکہ کاوشوں کی بدولت قذافی اسٹیڈیم کو ایک نئی زندگی مل رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسٹیڈیم کی مکمل اپ گریڈیشن سہ ملکی سیریز سے پہلے ہوجائے گی اور یہ عالمی معیار کے مطابق تیار کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ اسٹیڈیم کی تعمیر کے ساتھ ساتھ وی آئی پی راستوں کو حتمی شکل دینے کا عمل بھی جاری ہے، جو ایک یا دو دن میں مکمل ہو جائے گا۔ پی سی بی کے مطابق جدید سہولیات سے آراستہ اس اسٹیڈیم کا مقصد بین الاقوامی کرکٹ کو مزید فروغ دینا اور شائقین کو بہتر تجربہ فراہم کرنا ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سہ فریقی سیریز کا افتتاحی میچ 8 فروری کو قذافی اسٹیڈیم لاہورمیں کھیلا جائے گا۔ نجی ٹی وی آج نیوز کے مطابق وزیرِاعظم شہباز شریف کو آئندہ ماہ اسٹیڈیم کے افتتاح کی دعوت دی گئی ہے۔ وزیرِاعظم پاکستان سہ ملکی سیریز سے قبل قذافی اسٹیڈیم کا باضابطہ افتتاح کریں گے۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

متعلقہ پوسٹس