الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے آٹھ ایمبولینسز، تین موبائل ہیلتھ یونٹس اور پانچ امدادی ٹرکوں پر مشتمل امدادی سامان کی پہلی کھیپ سیلاب متاثرہ علاقوں میں روانہ کر دی گئی۔ امدادی سامان الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن، نائب صدر ائیر مارشل (ر) ارشد ملک نےروانہ کیا۔
اس موقع پر ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن بونیر، اپر دیر اور باجوڑ سمیت آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔ آج پہلی امدادی کھیپ متاثرہ علاقوں کے لیے روانہ کر دی گئی ہے، جس میں 2000 ترپالیں، سینکڑوں خیمے، چھے ٹن خشک دودھ، چھ ٹن خشک خوراک، مچھر دانیاں اور دیگر ضروری سامان شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کل مزید17 ٹرک امدادی سامان چکدرہ سے بونیر کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں روانہ کرے گی۔ الخدمت اس مشکل وقت میں سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔

ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن نے کہا کہ الخدمت کے رضاکار متاثرہ علاقوں میں اس وقت امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں اور سیلاب میں پھنسے بزرگوں، عورتوں اوربچوں سمیت سینکڑوں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ متاثرہ خاندانوں کو تیار کھانا، پینے کا صاف پانی، خیمے اور طبی سہولیات بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔
الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کو مزید تیز کرنے کا اعلان بھی کیا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ خاندانوں تک فوری ریلیف پہنچایا جا سکے۔
مزید پڑھیں: ہر سال وہی کہانی، وہی نقصان: خیبرپختونخوا میں سیلابی پانی پھر سے زندگیاں کیوں نگلنے لگا؟
صدر الخدمت کی جانب سے خیبرپختونخواہ کے متاثرہ علاقوں میں حالیہ طوفانی بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع اور وسیع پیمانے پر تباہی پر گہرے دکھ کا اظہار کیا گیا۔
اس موقع پر صوبائی سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی شمالی پنجاب اقبال خان،الخدمت کے ریجنل صدوررضوان احمد، الطاف شیر، صدر ضلع راولپنڈی ہارون الرشید سمیت دیگرذمہ داران اوررضاکاراس موقع پر موجود تھے