روس کے صدر ویلادیمیر پیوٹن نے پاکستان میں بارش اور سیلاب کے نتیجے میں ہونے والے جانی نقصانات پر صدر مملکت آصف علی زرداری کو تعزیتی خط کے ذریعے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
ایوان صدر سے جاری اعلامیے کے مطابق روس کی جانب پاکستان میں سیلاب سے جانی نقصان پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔
پیوٹن نے خیبرپختونخوا میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کی ہے۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی اور متاثرہ خاندانوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے
واضح رہے کہ پاکستان بھر میں گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران طوفانی بارشوں اور کلاؤڈ برسٹ کے نتیجے میں سیلابی ریلوں نے تباہی مچادی ہے، جس کے باعث اموات کی تعداد 344 تک پہنچ گئی ہے، جب کہ 148 سے زائد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
مزید پڑھیں: خدا نے مجھے پاکستان کا محافظ بنایا ہے اور اس کے علاوہ کسی عہدے کی خواہش نہیں، فیلڈ مارشل
نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق شمالی علاقہ جات میں بارشوں کی صورت میں لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات میں مزید اضافےکا امکان ہے۔ بارشوں اور سیلاب کے دوران محتاط رہیں اور حفاظتی اقدامات یقینی بنائیں، سیاح اگلے پانچ سے چھ دن شمالی علاقہ جات کا سفرکرنے سےگریزکریں۔
این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ پاک فوج کی ٹیمیں سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ پاک فوج کے ہیلی کاپٹرز میں راشن اور دیگر سامان مہیا کیا جارہا ہے۔ سیلاب سےمتاثرہ علاقوں سے لوگوں کو محفوظ مقامات پرمنتقل کیا جارہا ہے۔
این ڈی ایم کے مطابق مسلح افواج اور فلاحی اداروں کی جانب سے خیبر پختونخوا کے لیے امدادی سامان روانہ کردیا گیا ہے۔ این ڈی ایم اے تمام متعلقہ سول اور عسکری اداروں کے ساتھ مکمل رابطے میں ہے۔ تمام متعلقہ اداروں کی جانب سےجاری امدادی کارروائیوں کی ہمہ وقت نگرانی کی جارہی ہے۔ بارشوں اور سیلاب کے باعث مجموعی طور پر 74 گھروں کو نقصان پہنچا، 63 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا جب کہ 11 گھر مکمل طور پر تباہ ہوئے۔