اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے پاکستان میں حالیہ تباہ کن سیلاب اور شدید بارشوں کے باعث قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اپنے ترجمان اسٹیفان دوجارک کے ذریعے جاری بیان میں کہا گیا کہ “انتونیو گوتریس متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت کرتے ہیں اور اس سانحے سے متاثرہ تمام افراد کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔”
ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے اور اگر پاکستان حکومت کی جانب سے مدد کی درخواست کی گئی تو عالمی ادارہ ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کے شمال مغربی علاقے خیبر پختونخوا میں دو روزہ شدید بارشوں اور سیلابی ریلوں کے نتیجے میں اب تک 323 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جب کہ ملک بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 657 تک جا پہنچی ہے۔

شدید بارشوں کے نتیجے میں پہاڑی علاقوں میں کلاؤڈ برسٹ، لینڈ سلائیڈنگ اور آسمانی بجلی گرنے کے واقعات بھی پیش آئے ہیں، جس نے مون سون سیزن کے اس برس کے سب سے خطرناک دور کی شکل اختیار کر لی ہے۔
یاد رہے کہ اقوام متحدہ کے سربراہ انتونیو گوتریس نے 2022 میں بھی پاکستان کا دورہ کیا تھا، جب سندھ اور بلوچستان میں تباہ کن سیلاب کے باعث 1,300 سے زائد افراد جاں بحق اور لاکھوں بے گھر ہو گئے تھے۔
مزید پڑھیں: ٹرمپ کابینہ کی یوکرین کو نیٹو جیسا تحفظ دینے کی تجویز، نیٹو کا آرٹیکل فائیو کیا ہے؟
دوسری جانب ویٹی کن سٹی میں پوپ لیو چہاردہم نے بھی پاکستان، انڈیا اور نیپال میں سیلابی صورتحال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
اتوار کے روز اپنے خطاب میں پوپ نے کہا کہ میں ان تمام افراد کے لیے دعاگو ہوں، جو اس آفت کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ متاثرہ خاندانوں اور ان تمام لوگوں کے ساتھ قربت اور ہمدردی محسوس کرتے ہیں جو اس قدرتی آفت کے باعث مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔