سابق وفاقی وزیر و سینیٹر فیصل واوڈا نے گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کا نام لیے بغیر کہا ہے کہ ان کا سافٹ ویئر عارضی طور پر اپ ڈیٹ ہوگیا ہے اور نٹ بولٹ بھی عارضی طور پر ٹائٹ کر دئیے گئے ہیں۔
نجی خبررساں ادارے وی نیوز کے مطابق نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں سینیٹر فیصل واوڈا سے گورنر سندھ کامران ٹیسوی کے حالیہ ایک بیان سے متعلق سوال کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ وہ گورنر سندھ سے متعلق بات کرنا پسند نہیں کرتا۔
انہوں نے کہا کہ اس بیان کے بعد ان کا عارضی طور پر سافٹ ویئر بھی اپ ڈیٹ ہوگیا ہے اور نٹ بولٹ بھی ٹائٹ ہوگئے ہیں۔
مزید پڑھیں: چین اور انڈیا کو ایک دوسرے کو حریف نہیں بلکہ شراکت دار سمجھنا چاہیے، چینی وزیرِ خارجہ
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں گورنر سندھ نے ایک خطاب میں کہا تھا کہ بھائی واپس آ رہے ہیں اور وہ کراچی کو ٹھیک کریں گے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں حاضرین سے یہ بھی پوچھا تھا کہ کیا پرانی ایم کیو ایم واپس چاہیے؟
فیصل واوڈا نے کہا کہ بھائی واپس نہیں آ رہے لیکن بھائی بھائی ہوگیا ہے۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ پاکستان میں سیاسی عہدوں پر فائز ہونے والوں کا پہلے نفسیاتی ٹیسٹ ہونا چاہیے۔