ڈارون کے ڈی ایکس سی ایرینا میں کھیلے گئے سنسنی خیز ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان شاہینز نے نیپال کو ایک رن سے ہرا کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
پاکستان شاہینز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 144 رنز بنائے۔ عرفان خان نے 42، عبدالصمد نے 26 اور وسیم جونیئر نے 23 رنز کی اننگز کھیلی۔ نیپال کی جانب سے سومپال کامی نے تین وکٹیں حاصل کیں۔
145 رنز کے تعاقب میں نیپال کو آخری اوور میں 8 رنز درکار تھے لیکن بائیں ہاتھ کے اسپنر فیصل اکرم نے شاندار ڈیتھ بولنگ کرتے ہوئے صرف 6 رنز دیے اور پاکستان شاہینز کو ایک رن سے کامیابی دلائی۔ فیصل نے چار اوورز میں 29 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں اور ایونٹ میں مشترکہ طور پر سب سے زیادہ 14 وکٹیں لینے والے بولر بن گئے۔

جواب میں نیپال کی ٹیم 7 وکٹوں پر 143 رنز بناسکی۔ روہت کمار پاؤڈل نے 52 اور دیپیندرا سنگھ ایری نے 41 رنز اسکور کیے لیکن ٹیم کو کامیابی نہ دلا سکے۔
فاسٹ بولر محمد وسیم جونیئر نے بھی دو وکٹیں حاصل کیں، جب کہ انہوں نے بلے بازی میں بھی 23 رنز کی عمدہ اننگ کھیلی۔ کپتان محمد عرفان خان نے ناقابلِ شکست 42 رنز اسکور کرکے ٹیم کی اننگز کو سہارا دیا اور پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔
واضح رہے کہ فائنل میچ اتوار 24 اگست کو کھیلا جائے گا۔