پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سندھ کے سیلاب متاثرین کے گھروں میں سولر سسٹمز نصب کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
نجی نشریاتی ادارے ڈان نیوز کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے لاڑکانہ کی یونین کونسل وارث ڈینو کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے بروہی کمیونٹی کے گاؤں خیرمحمد بروہی میں سیلاب متاثرین کے لیے بنائے گئے مکمل اور زیر تعمیر گھروں کا معائنہ کیا۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے متاثرین سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے، جس کے بعد انہوں نے فوری طور پر متعلقہ حکام کو مسائل کے حل کی ہدایات جاری کیں۔ اس موقع پر رتوڈیرو میں سیلاب متاثرین کو مالکانہ اسناد بھی فراہم کی گئیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت اپنا وعدہ پورا کر رہی ہے، سندھ میں کئی خاندانوں کو نئے گھر مل چکے ہیں، جب کہ دیگر زیر تعمیر ہیں۔
مزید پڑھیں: پاکستان اور انڈیا کے درمیان جنگ بندی میں کسی تیسرے فریق کی ثالثی نہیں ہوئی، انڈین وزیرِ خارجہ
انہوں نے کہا کہ متاثرین کے گھروں میں سولر سسٹمز کے علاوہ واش روم بھی تعمیر کیے جائیں گے، جو کہ سابق وزیر اعظم بینظیر بھٹو کا وعدہ تھا کہ عوام کو روٹی، کپڑا اور مکان فراہم کیے جائیں گے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ سندھ حکومت بڑے ترقیاتی منصوبوں پر کام کر رہی ہے اور عوام کی مشکلات کم کرنے کے لیے نئے منصوبے جلد متعارف کرائے جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کی کوشش ہے کہ جلد از جلد سیلاب متاثرین کے گھروں کی تعمیر مکمل کی جائے۔