Follw Us on:

مون سون کا 30 اگست تک جاری رہنے والا نیا سلسلہ شروع، فلیش فلڈنگ کا خطرہ

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
Flood in pakistan
رپورٹ کے مطابق متوقع بارشوں سے دریاؤں کے بالائی حصوں میں شدید طغیانی پیدا ہو سکتی ہے۔ (فوٹو: رائٹرز)

پاکستان میں مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہو گیا ہے جو 30 اگست تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

اس دوران سیلاب کے خدشات ظاہر کیے گئے ہیں اور وزیراعظم شہباز شریف نے تمام متعلقہ حکام کو الرٹ رہنے کی ہدایت دی ہے۔

ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق بارشیں برسانے والے تین مختلف سسٹم بیک وقت پاکستان میں داخل ہو رہے ہیں جس کے باعث اگلے چند روز میں بیشتر علاقوں میں بارشیں متوقع ہیں۔

پنجاب ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل نے خبردار کیا ہے کہ شمالی اور شمال مشرقی پنجاب کے علاقوں میں فلیش فلڈنگ کا خطرہ ہے اور تمام اداروں کو پہلے ہی الرٹس جاری کر دیے گئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق متوقع بارشوں سے دریاؤں کے بالائی حصوں میں شدید طغیانی پیدا ہو سکتی ہے۔ دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب ہے جو اگلے 48 گھنٹے تک برقرار رہنے کا امکان ہے جبکہ دریائے راوی اور چناب میں بھی اونچے اور درمیانی درجے کے سیلاب کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ شہری کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں 1129 پر رابطہ کریں اور انتظامیہ کسی بھی ناخوشگوار صورت حال سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔

سنیچر اور اتوار کی درمیانی رات اسلام آباد اور راولپنڈی میں شدید بارش کے بعد بہارہ کہو اور اٹھال سمیت کئی علاقے زیر آب آ گئے جبکہ نالہ کورنگ میں پانی کی سطح بلند ہونے سے قریبی بستیاں متاثر ہونے کے خدشات پیدا ہو گئے۔

بارشوں کے باعث راول ڈیم کی سطح 1752 فٹ تک پہنچنے پر انتظامیہ نے سپل وے کھولنے کا فیصلہ کیا ہے جو اتوار کو دوپہر ایک بجے کھولے جائیں گے۔

اسی دوران پنجاب کے کئی شہروں جن میں چنیوٹ، حافظ آباد، گجرات، کمالیہ، کوٹ ادو اور چیچہ وطنی شامل ہیں، میں بارش ریکارڈ کی گئی۔

خیبر پختونخوا کے شہروں مردان، پشاور، چارسدہ، کوہاٹ اور ڈی آئی خان میں بھی تیز ہوائیں اور موسلا دھار بارش ہوئی جس کے نتیجے میں چھتیں گرنے اور ہلاکتوں کی اطلاعات ملی ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج اسلام آباد، کشمیر، خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے کئی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے جبکہ پوٹھوہار اور شمال مشرقی پنجاب میں بھی تیز ہواؤں اور موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔

جنوب مشرقی سندھ کے بعض علاقوں میں بھی بارش ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ کل یعنی 25 اگست کو بھی تقریباً ایسی ہی صورتحال رہے گی۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ منگل کے روز بعض علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا تاہم پنجاب، خیبر پختونخوا کے بالائی علاقے، کشمیر، شمالی سندھ اور بلوچستان کے بعض حصوں میں بارش ہو سکتی ہے۔

این ڈی ایم اے نے عوام اور خاص طور پر سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی ہے۔ رواں برس کا مون سون سیزن 26 جون سے شروع ہوا تھا اور اب آخری مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔

اس دوران ملک بھر میں شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق اب تک بارشوں اور سیلابی ریلوں میں 785 افراد جاں بحق اور ایک ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں جن میں سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ خیبر پختونخوا ہے جہاں ہلاکتوں کی تعداد 400 تک پہنچ گئی ہے۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

متعلقہ پوسٹس