سلمان اکرم راجہ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکریٹری جنرل کے عہدے سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
سماجی رابطے کی سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے جاری بیان میں سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ وہ کل بانی پی ٹی آئی سے ملاقات میں اپنے عہدے سے علیحدگی کی درخواست کریں گے، تاہم پارٹی کے لیے بلامعاوضہ وکالتی خدمات جاری رکھیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے پہلے ہی علی بخاری کے ذریعے بانی پی ٹی آئی سے سیکریٹری جنرل کے عہدے سے دستبردار ہونے کی گزارش کی تھی، مگر یہ درخواست قبول نہیں کی گئی۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ علی بخاری کے اعتماد پر شکر گزار ہوں لیکن آج پیش آنے والے ایک واقعے نے مجھے فیصلہ کن قدم اٹھانے پر مجبور کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کی زندگی ایک کھلی کتاب ہے اور ان کے کسی عمل میں اصولوں کے خلاف کوئی پہلو نہیں پایا جاتا۔
سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ فکری و معاشی دیانت پر سمجھوتہ ممکن نہیں، اسی لیے بانی پی ٹی آئی سے باضابطہ طور پر علیحدگی کی گزارش کروں گا۔