پنجاب میں حالیہ بارشوں کے باعث دریاؤں میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جس سے دریائے چناب، راوی، ستلج اور ان سے ملحقہ ندی نالوں میں طغیانی کی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ پی ڈی ایم اے (پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی) نے آنے والے 48 گھنٹوں میں سیلاب کے خطرات کے پیش نظر ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ دریائے چناب، راوی اور ستلج میں آئندہ 48 گھنٹوں میں اونچے سے انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دریائے راوی میں جسڑ کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے۔ یہاں پانی کا بہاؤ 1 لاکھ 88 ہزار کیوسک تک پہنچ چکا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہیڈ سلیمانکی کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے، جہاں پانی کی آمد 1 لاکھ 9 ہزار کیوسک اور اخراج 1 لاکھ 2 ہزار کیوسک ہے۔ دریائے راوی میں شاہدرہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے، جہاں پانی کا بہاؤ 46 ہزار کیوسک ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ تمام حکام کو ہائی الرٹ رہنا چاہیے تاکہ کسی بھی غیر متوقع صورتحال سے نمٹا جا سکے۔ پی ڈی ایم اے نے یہ بھی خبردار کیا کہ دریائے چناب میں مرالہ کے مقام پر درمیانے درجے کی سیلابی صورتحال ہے، جبکہ ڈیرہ غازی خان کی رودکوہیوں میں فلیش فلڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔

لاہور کے مختلف علاقوں میں ایمرجنسی اقدامات کیے جا رہے ہیں، جہاں ملتان روڈ اور دریائے راوی کے سنگم پر واقع رہائشی سوسائٹیوں کو پیرا فورس اور پولیس کی جانب سے اعلانات کیے گئے ہیں۔ لاہور کے علاقے سندر سے لے کر شاہدرہ تک پولیس اور ریسکیو ٹیمیں ہائی الرٹ ہیں اور لوگوں کو قیمتی اشیاء اور مال مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی تنبیہہ کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم کی طرف سے بیان جاری کیا گیا ہے کہ انڈیا نے دریائے راوی پر تھین ڈیم کے گیٹ کھول دیے ہیں اور اس وقت جسر کے مقام پر 210,000 کیوسک پانی کا ریلہ پاکستان میں داخل ہورہا ہے۔
مزید پڑھیں:پنجاب میں اونچے درجے کے سیلاب کا خطرہ، ڈیڑھ لاکھ افراد محفوظ مقامات پر منتقل، اس وقت کیا صورتحال ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق پی ڈی ایم اے نے نارووال کیلئے مزید ریسکیو و ریلیف کا سازو سامان فراہم کر دیا گیا، نارووال کیلئے بوٹس انفلیٹ ایبل بوٹس او بی ایم لائف جیکٹس نارووال پہنچا دی گئی ہیں۔