رواں سال ستمبر میں متحدہ عرب امارات میں ہونے والے ایشیا کپ کے میچز کے اوقات کار میں تبدیلی کر دی گئی ہے۔ ٹورنامنٹ کے 19 میں سے 18 میچز جن میں فائنل بھی شامل ہے ،شام 6:30 بجے (متحدہ عرب امارات ) شروع ہوں گے، جو ابتدائی شیڈول سے آدھا گھنٹہ بعد کاہے۔
حکام کے مطابق، ستمبر کے میں دن کے وقت درجہ حرارت 40 ڈگری سے تجاوز کرنے کا امکان ہے اور یہ گرمی شام تک برقرار رہے گی۔ شدید گرمی میں کھیلنے سے گریز کے لیے کرکٹ بورڈز نے میچز کے آغاز میں تاخیر کی درخواست کی تھی، جسے براڈکاسٹرز نے قبول کر لیا۔ اس تبدیلی کے بعد تمام ڈے نائٹ میچز پاکستانی وقت کے مطابق رات 7:30 بجے شروع ہوں گے۔
تاہم، ٹورنامنٹ کا واحد ڈے میچ شیڈول کے مطابق کھیلا جائے گا۔ یہ مقابلہ 15 ستمبر کو ابوظہبی کے زاید کرکٹ اسٹیڈیم میں متحدہ عرب امارات اور عمان کے درمیان ہوگا۔
ایشیا کپ کی افتتاحی جھلک 9 ستمبر کو ہوگی، جب افغانستان اور ہانگ کانگ کی ٹیمیں ابوظہبی میں مدِ مقابل آئیں گی۔ ٹورنامنٹ میں کل آٹھ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔
واضح رہے کہ ٹورنامنٹ میں موجود ٹیموں کو دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے،پاکستان گروپ A میں ہے۔ اسی گروپ میں انڈیا ،عمان اور متحدہ عرب امارات کی ٹیمیں بھی شامل ہیں ۔پاکستان اپنا پہلا میچ 12 ستمبر کو عمان سے کھیلے گا جبکہ روایتی حریف انڈیا سے 14 ستمبر کو مقابلہ شیڈول ہے۔