Follw Us on:

سیلاب متاثرین تک حکومت خود پہنچے، ریلیف آپریشن مزید بہتر بنایا جائے، مریم نواز

مادھو لعل
مادھو لعل
Maryam nawaz.'
کئی دہائیوں بعد پنجاب کو اس قدر خطرناک سیلابی صورتحال کا سامنا ہے۔ (فوٹو: فائل)

وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ جہاں پانی آنے کا خطرہ ہے، وہاں پیشگی اقدامات کیے جائیں، عوام کو خود فون کر کے حکومت کو بلانے کی ضرورت نہ پڑے بلکہ حکومت خود ان تک پہنچے۔

پی ڈی ایم اے ہیڈ آفس میں ڈپٹی کمشنرز اور انتظامیہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب میں تاریخ کے سب سے بڑے ریسکیو آپریشن کی کامیابی پر تمام ادارے مبارکباد کے مستحق ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کئی دہائیوں بعد پنجاب کو اس قدر خطرناک سیلابی صورتحال کا سامنا ہے، مسلسل بارشوں اور انڈیا کی طرف سے پانی چھوڑنے کے باعث طغیانی آئی، لیکن متعلقہ اداروں نے بروقت آبادی کا انخلا یقینی بنا کر قیمتی جانوں اور لاکھوں مویشیوں کو محفوظ بنایا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ یہ ثابت ہو گیا ہے کہ پنجاب میں مختلف ڈیپارٹمنٹس نہیں بلکہ ایک ٹیم کام کر رہی ہے۔ ریلیف آپریشن میں پولیس، ریسکیو، سول ڈیفنس، پیرافورس، وائلڈ لائف اور دیگر اداروں کی محنت قابلِ تحسین ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جہاں پانی آنے کا خطرہ ہے، وہاں پیشگی اقدامات کیے جائیں، عوام کو خود فون کر کے حکومت کو بلانے کی ضرورت نہ پڑے بلکہ حکومت خود ان تک پہنچے۔

مریم نواز شریف نے ہدایت کی کہ سیلاب متاثرین کے لیے ٹینٹ ویلیجز اور ٹوائلٹس بنائے جائیں، جہاں ممکن ہو اسکولوں کی عمارتیں استعمال کی جائیں اور خواتین و مرد کے لیے علیحدہ بندوبست کیا جائے۔

انہوں نے زور دیا کہ سخت رویہ اختیار کرنے کے بجائے عوام کے ساتھ محبت سے پیش آیا جائے۔ متاثرہ علاقوں میں خشک راشن اور مویشیوں کے چارے کی فراہمی یقینی بنائی جائے، جب کہ گمشدہ اور بازیاب مویشیوں کے لیے خصوصی سیل قائم کیا جائے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے ریسکیو ٹیموں اور پولیس کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ریسکیورز نے تندہی سے بہتے جانوروں کو بچایا، پولیس افسر اور جوان بچوں کو اٹھا کر محفوظ مقامات پر پہنچاتے رہے، یہ سب قابل تعریف ہے۔

انہوں نے ڈی واٹرنگ کے لیے پمپس لگانے، کمزور عمارتوں سے بروقت انخلا اور سیلاب زدہ علاقوں کی ڈرون فوٹیج فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔

مریم نواز نے پاکستان آرمی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کے جوانوں نے ریلیف اور ریسکیو آپریشن میں بھرپور مدد فراہم کی، میری دعائیں ہمیشہ پاک فوج کے ساتھ ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں 22 اضلاع میں سیف سٹی کیمرے کام کر رہے ہیں اور ہر گاؤں، گلی اور وارڈ تک حکومتی امداد پہنچنی چاہیے۔

Author

مادھو لعل

مادھو لعل

Share This Post:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

متعلقہ پوسٹس