نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے حالیہ مون سون بارشوں اور سیلاب کے باعث ہونے والی تباہ کاریوں کی تفصیلی رپورٹ جاری کردی ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ دو روز میں سیلابی صورتحال کے باعث 16 افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہوئے ہیں، ان میں سے 13 اموات پنجاب میں، جب کہ خیبرپختونخوا، سندھ اور آزاد کشمیر میں ایک، ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ گزشتہ دو ماہ کے دوران طوفانی بارشوں اور سیلاب سے 831 افراد جاں بحق اور 1121 زخمی ہوئے ہیں ۔ صوبائی اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں 191، خیبرپختونخوا میں 480، سندھ میں 58، بلوچستان میں 24، گلگت بلتستان میں 41، آزاد کشمیر میں 29 اور اسلام آباد میں 8 افراد جاں بحق ہوئے ہیں ۔
جاں بحق ہونے والوں میں 219 بچے، 128 خواتین اور 484 مرد شامل ہیں۔ بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں 9 ہزار گھروں کو نقصان پہنچا جب کہ 6 ہزار سے زائد مویشی سیلابی پانی میں بہہ گئے ۔

این ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق 238 پل اور 661 کلومیٹر سڑکیں تباہ ہو گئیں۔ اس وقت ملک بھر کے متاثرہ علاقوں میں تقریباً 35 ہزار افراد کیمپوں میں مقیم ہیں، جن میں خیبرپختونخوا کے 26 ہزار، پنجاب کے 6 ہزار اور گلگت بلتستان کے 3 ہزار افراد شامل ہیں۔
امدادی کارروائیوں کے حوالے سے این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ اب تک 1880 ریسکیو آپریشنز کیے جا چکے ہیں، جن کے دوران 5 لاکھ سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔ ان میں سے سب سے زیادہ ریسکیو آپریشن پنجاب میں کیے گئے جہاں تقریباً 4 لاکھ 85 ہزار افراد کو بچایا گیا، جب کہ خیبرپختونخوا میں 14 ہزار افراد کو ریسکیو کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: دریا کے بیٹ میں نجی ہاؤسنگ سوسائٹیز کو این او سیز دینا ریاستی قانون کے خلاف ہے، حافظ نعیم الرحمان