پبلک ایڈ کمیٹی جماعت اسلامی لاہور کے سربراہ قیصر شریف نے گزشتہ رات سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیسبک پر جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ ( لاہور) پر پولیس، شہری انتظامیہ اور مشیر وزیر اعلیٰ کی طرف متاثرین سیلاب سے زبردستی خیمے خالی کروانے کی کوشش کی مذمت کرتے ہیں، یہ انتہائی قابل شرم ہے کہ پنجاب حکومت ریلیف کی بجائے متاثرین سیلاب کو تکلیف دے رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف صاحبہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری اس واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ذمہ داران پولیس انتظامیہ، شہری انتظامیہ کو متاثرین سیلاب سے معذرت کرنے کا حکم دیں۔ اگر دوبارہ اس طرح کی کوئی کوشش کی گئی تو پبلک ایڈ کمیٹی جماعت اسلامی لاہور پورے شہر میں سراپا احتجاج ہو گی۔
پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے الخدمت فاؤنڈیشن کی خدمات کو سراہا ہے اور ان کا شکریہ بھی ادا کیا ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ لاہور میں گزشتہ رات جب یہ رپورٹ ہوا کہ خیمہ بستی میں ادویات یا پانی جیسی سہولیات کی کمی ہے، تو ڈپٹی کمشنر خود موقع پر گئے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ “خیمے اکھاڑنے کی بالکل بات نہیں ہوئی، ہم صرف یہ چاہتے ہیں کہ جو سہولتیں درکار ہیں وہ بہتر طریقے سے فراہم کی جائیں۔ جو بھی ادارہ یا تنظیم متاثرین کے لیے اپنا حصہ ڈال رہی ہے، یہ نہایت خوش آئند ہے اور ہم ان کے شکر گزار ہیں۔”
ان کا مزید کہنا تھا کہ الخدمت کو یہ پیشکش کی گئی کہ چونکہ بارش بہت تیز تھی اور مزید بارش کا امکان تھا، اس لیے جن سہولیات کی کمی ہے انہیں قریبی اسکول میں قائم سرکاری کیمپ میں منتقل کر دیا جائے تاکہ متاثرین کو زیادہ سہولت میسر ہو۔ انہوں نے سے حافظ نعیم الرحمان کو مولانا کہتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے ان سے بھی بات ہوئی ہے۔
پبلک ایڈ کمیٹی جماعت اسلامی لاہور کے سربراہ قیصر شریف نے فیسبک پر ان کی یہی ویڈیو شیئر کی اور’ 45سکینڈز اور 5 نکاتی غلط بیانی’ کی ہیڈنگ کے ساتھ لکھا کہ ویسے تو پورے لاہور شہر اور پنجاب کا جو حال ہے وہ ہم بتاتے رہتے ہیں مسنگ فیسلیٹی کی لمبی لسٹ ہے جس پر آپ صرف تصویری سیشن کے علاوہ کچھ بھی نہیں کر رہے۔
انہوں نے کہا کہ اس 45سیکنڈ کی ویڈیو میں سینیر صوبائی وزیر پنجاب مریم اورنگزیب صاحبہ کی پانچ نکاتی غلط بیانی ہے۔
- DCموسیٰ رضا صاحب بالکل نہیں آئے، کوئی فوٹیج یا تصویر ہے تو جاری کیجیے ؟
- متاثرین سے زبردستی کرنےکی کوشش ہوئی ہم نے ثبوت کے طور پر رات میڈیا کو فوٹیج جاری کی ہے۔
- بہترین ادویات MBBS ڈاکٹرز موجود ہیں اس کی فوٹیج اور وہاں پر موجود مریض ابھی بتا سکتے ہیں۔
- بارش کی صورت میں ساتھ ہی آفاق سکول میں مکمل سہولت ہے اس لیے یہ وجہ سمجھ نہیں آتی۔
- امیر جماعت اسلامی پاکستان محترم حافظ نعیم الرحمان صاحب انجینئر ہیں، محترمہ ان کو مولانا کہہ رہی ہیں وہ آپ سے زیادہ تعلیم یافتہ ہیں۔
انہوں نے آخر میں کہا کہ مطالبہ اب بھی وہی ہے وزیر اعلی پنجاب محترمہ مریم نواز شریف صاحبہ اس واقعہ کا نوٹس لیں اور اس میں ملوث ذمہ دار افراد متاثرین سیلاب سے اس رویے پر معذرت کریں۔