محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں کا امکان ہے۔
ڈی ایچ ایس کے مطابق آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران وادی نیلم، مظفرآباد، باغ، حویلی اور کوٹلی میں شدید بارشیں متوقع ہیں۔
اتھارٹی کے بیان کے مطابق ان علاقوں میں شہری اور نشیبی مقامات پر سیلاب جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔
اسلام آباد، راولپنڈی اور پنجاب کے دیگر اضلاع میں ہلکی اور موسلا دھار بارش متوقع ہے۔ خیبرپختونخوا کے علاقوں دیر، سوات اور مانسہرہ میں بھی شدید بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ سندھ کے اضلاع سانگھڑ، گھوٹکی، تھرپارکر اور عمرکوٹ جبکہ بلوچستان کے علاقوں ژوب، موسیٰ خیل اور بارکھان میں بھی بارشیں متوقع ہیں۔

کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود ہے اور ان علاقوں میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
پہاڑی علاقوں مری، گلیات اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے جبکہ ندی نالوں میں طغیانی اور نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خطرہ ہے۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے آزاد کشمیر کے لیے الرٹ جاری کر دیا ہے۔
مزید پڑھیں: انڈیا نے دریائے چناب میں بغیر اطلاع دیے ایک بار پھر پانی چھوڑ دیا، تریموں ہیڈ پر چار لاکھ 79 ہزار کیوسک پانی
ڈی ایچ ایس نے ہدایت کی ہے کہ ندی نالوں کے قریب رہنے والے افراد الرٹ رہیں اور شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
واضع رہے کہ محکمہ موسمیات اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے صورت حال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور مقامی انتظامیہ کو ہدایت جاری کر دی گئی ہے کہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورت حال کے لیے تیار رہیں۔