وزیرِاعظم کی ہدایت پر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے افغانستان میں حالیہ تباہ کن زلزلے کے متاثرین کے لیے 105 ٹن امدادی سامان روانہ کردیا۔
این ڈی ایم اے کے مطابق امدادی سامان میں راشن بیگز، خیمے، کمبل، چٹائیاں اور ادویات شامل ہیں۔ امدادی سامان پانچ ٹرکوں کے ذریعے طورخم بارڈر کے راستے افغانستان بھیجا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار کا سماجی رابطے کی سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر کہنا تھا کہ میرا افغانستان کے وزیر خارجہ متقی کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، جس کے بعد حکومت پاکستان نے آج 105 ٹن انسانی امداد افغانستان کے لیے روانہ کردی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس کھیپ میں ضروری اشیائے خوردونوش، ادویات، خیمے، کمبل اور بلبل میٹ شامل ہیں، جن کا مقصد ملک میں حالیہ زلزلوں سے متاثرہ افراد کی مدد کرنا ہے۔
Following my telephone call with Foreign Minister Muttaqi, the Government of Pakistan today dispatched 105 tons of humanitarian relief assistance to Afghanistan.
— Ishaq Dar (@MIshaqDar50) September 3, 2025
The consignment includes essential food items, medicines, tents, blankets, and bubble mats, aimed at supporting those…
اسحاق ڈار نے کہا کہ ہم متاثرین کے لیے گہرے تعزیت اور دعاؤں کا اظہار کرتے ہیں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش کرتے ہیں۔ پاکستان مشکل کی اس گھڑی میں افغانستان کے برادر عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔
مزید یہ کہ اس قبل گزشتہ روز بھی خیبر پختونخوا حکومت کی طرف سے افغانستان میں حالیہ زلزلہ متاثرین کے لیے امدادی سامان روانہ کیا گیا تھا، جس میں خیمے، ترپال، تکیے، رضائیوں کے ساتھ ساتھ دو ٹرک دوائیوں کے بھی متاثرہ علاقوں کے لیے روانہ کیے گئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: جناح ہاؤس حملہ کیس: انسداد دہشتگردی عدالت نے عمران خان کے بھانجے شاہ ریز کی درخواست ضمانت منظور کرلی
یاد رہے کہ تین دن پہلےافغانستان میں چھ شدت کے زلزلے نے شدید تباہی مچائی تھی، جس کے نتیجے میں اب تک 1411 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔
افغان ہلال احمر کے مطابق زلزلے سے1411 افراد جاں بحق اور 3,251 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ جب کہ زلزلے کی وجہ سے 8 ہزار سے زائد گھر بھی تباہ ہو چکے ہیں۔