نائجیریا کی ریاست نائجر میں ایک ہولناک کشتی حادثے میں کم از کم 60 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ درجنوں کو زندہ نکال لیا گیا۔
مقامی حکام کے مطابق حادثہ منگل کی صبح اس وقت پیش آیا جب تُنگن سُلے، مالالے ضلع سے دوگّا جانے والی کشتی میں 100 سے زائد افراد سوار تھے جو ایک تعزیتی اجتماع کے لیے جا رہے تھے۔
راستے میں گوساوا کمیونٹی کے قریب کشتی ایک ڈوبے ہوئے درخت سے ٹکرا کر الٹ گئی۔
بورگو کے چیئرمین عبداللہی بابا آرا نے بتایا کہ ہلاکتوں کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے، اب تک 60 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے، 10 افراد کی حالت تشویشناک ہے جبکہ متعدد لاپتہ ہیں۔
عینی شاہدین کے مطابق حادثے کے فوراً بعد مقامی لوگ اور امدادی اہلکار موقع پر پہنچے، جہاں سے 31 لاشیں نکالی گئیں اور کشتی کو بھی پانی سے باہر نکال لیا گیا۔

چار افراد کی تدفین منگل کو ہی اسلامی طریقے کے مطابق کردی گئی۔ جاں بحق ہونے والوں میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں۔
دوسری جانب ریاستی ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی نے 29 ہلاکتوں اور 50 افراد کی بحفاظت ریسکیو ہونے کی تصدیق کی ہے، جبکہ دو افراد تاحال لاپتہ ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ کشتی میں ضرورت سے زیادہ مسافر سوار تھے اور حادثے کے وقت وہ درخت سے ٹکرا کر ڈوب گئی۔
یاد رہے کہ نائجیریا میں برسات کے موسم کے دوران کشتی حادثات عام ہیں، جن کی بڑی وجوہات حفاظتی اصولوں کی خلاف ورزی، مسافروں کی گنجائش سے زیادہ بٹھانا اور کشتیوں کی ناقص حالت ہوتی ہے۔