ملک بھر میں آج یومِ دفاع و شہدا بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔
دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 توپوں کی سلامی سے ہوا، جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔
کراچی میں مزارِ قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی جس کے مہمانِ خصوصی ایئر آفیسر کمانڈنگ ایئر وائس مارشل شہریار خان تھے۔
پاکستان ایئر فورس اکیڈمی اصغر خان کے چاق و چوبند دستے نے مزارِ قائد پر گارڈز کے فرائض سنبھالے۔
مہمانِ خصوصی نے مزارِ قائد پر پھول رکھے، فاتحہ خوانی کی اور مہمانوں کی کتاب میں تاثرات درج کرتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ نے ہمیشہ عوام کو سرخرو کیا اور دشمن کو شکست سے دوچار کیا۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ یومِ دفاع پر پوری قوم بہادر مسلح افواج کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 1965 کی جنگ کی طرح حالیہ معرکہ حق میں بھی افواجِ پاکستان نے جرات اور جانفشانی سے وطن کا دفاع کیا اور دشمن کو منہ توڑ جواب دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ 6 ستمبر پاکستان کی قومی تاریخ میں بہادری، اتحاد اور عزم کا دن ہے۔ 60 سال قبل مسلح افواج نے دشمن کے جارحانہ عزائم کو ناکام بنا کر نئی تاریخ رقم کی۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ معرکہ حق میں بھی افواج اور عوام ایک آہنی دیوار بن کر کھڑے ہوئے، جبکہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کے تذویراتی وژن نے دشمن کے غرور کو خاک میں ملایا۔
وزیراعظم نے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام سے یکجہتی کا اعادہ کرتے ہیں اور عالمی برادری پر زور دیتے ہیں کہ وہ فلسطین میں اسرائیلی جارحیت کے خاتمے کے لیے کردار ادا کرے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا کہ 6 ستمبر وہ دن ہے جب قوم اور فوج نے یکجہتی کے ساتھ دشمن کی کھلی جارحیت کا مقابلہ کیا۔ دشمن تعداد اور ہتھیاروں میں زیادہ تھا مگر بہادر سپاہیوں نے اس کے عزائم کو ناکام بنایا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہدا اور غازیوں کی قربانیاں آنے والی نسلوں کے لیے حوصلے کا ذریعہ ہیں اور آج پوری قوم انہیں اور ان کے اہلِ خانہ کو سلام پیش کرتی ہے۔
اسلام آباد میں نیول ہیڈکوارٹرز میں یومِ دفاع کی پر وقار تقریب منعقد ہوئی۔ سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف نے یادگارِ شہدا پر پھول رکھے، فاتحہ خوانی کی اور شہدا کے اہلِ خانہ سے ملاقات کر کے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔
اس موقع پر شہدا کے بچوں کو بھی خصوصی طور پر پھول پیش کیے گئے۔