ملتان کی تحصیل جلال پور پیروالہ میں دریائے چناب میں سیلاب کے باعث ریسکیو آپریشن کے دوران بڑا سانحہ پیش آگیا، سیلاب متاثرین کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے والی کشتی ڈوب گئی، جس کے نتیجے میں ایک خاتون اور پانچ بچوں سمیت چھ افراد جاں بحق ہوگئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق کشتی میں 20 سے زائد افراد سوار تھے، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔ حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں 80 سالہ بخت بی بی، 6 سالہ فاطمہ بی بی، 7 سالہ عامر، 3 سالہ ماہ نور اور دو نومولود بچے (6 ماہ اور 3 ماہ) شامل ہیں۔
ریسکیو 1122 کے مطابق کشتی حادثہ تحصیل جلالپور کے نواحی علاقے وچھہ سندیلہ میں پیش آیا، جہاں پانی کا بہاؤ انتہائی تیز تھا۔ کئی افراد کو زندہ بچالیا گیا، جب کہ باقی جاں بحق افراد کی لاشوں کی تلاش جاری ہے۔
مزید پڑھیں: مون سون، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے اب تک کتنے افراد جاں بحق ہوئے؟ این ڈی ایم اے نے رپورٹ جاری کر دی
ملتان پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں کشتی میں گنجائش سے زیادہ افراد سوار تھے، کشتی الٹنے سے ایک خاتون اور تین بچے جاں بحق ہوئے، جب کہ ایک شیرخوار بچہ تاحال لاپتہ ہے۔
ریسکیو ٹیمیں اور امدادی ادارے مسلسل کارروائیوں میں مصروف ہیں، علاقے میں سیلاب کی صورتحال کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے، جب کہ مزید امدادی سامان بھی روانہ کردیا گیا ہے۔