Follw Us on:

طیارہ اترنے والا ہے‘ واشنگٹن حادثے میں آخری پیغام بھیجنے والی خاتون کون تھیں؟

اظہر تھراج
اظہر تھراج
طیارے میں سوار تمام افراد دریا برد ہوگئے۔ (فوٹو: این پی آر)

امریکا میں مسافر طیارے سے  فوجی ہیلی کاپٹر ٹکرانے کے واقعہ میں جاں بحق افراد میں ایک پاکستانی خاتون بھی شامل ہیں۔ امریکی ایئر لائن  واشنگٹن ڈی سی میں  لینڈنگ کے دوران فوجی ہیلی کاپٹر  بلیک ہاک سے ٹکرانے کے بعد حادثے کا شکار ہوئی۔

ذرائع کے مطابق اس المناک حادثے میں پاکستانی خاتون اسری حسین بھی شامل تھیں۔ اسری کی عمر تقریباً 26 سال تھی اور وہ کام کی تلاش میں وچیٹا، کنساس سے واپس آ رہی تھیں۔

 ان کے شوہر، حماد رضا، جو خود بھی انڈیانا یونیورسٹی کے فارغ التحصیل ہیں، نے میڈیا کو بتایا کہ ان کی اہلیہ نے 30 جنوری کی رات تقریباً 8 بجے انہیں ایک ٹیکسٹ پیغام بھیجا تھا جس میں لکھا تھا کہ “طیارہ اترنے والا ہے۔” تاہم جب حماد نے اس پیغام کا جواب دینے کی کوشش کی تو ان کی اہلیہ سے رابطہ نہیں ہو سکا۔ یہ بات ان کے دل میں ایک بد گمانی پیدا کرنے لگی، جس کے بعد ان کے خاندان کو اس حادثے کے بارے میں خبر ملی۔

حماد رضا کے والد، ڈاکٹر ہاشم رضا، کراچی کے معروف ڈاکٹر ہیں اور فی الحال مسوری بیپٹسٹ میڈیکل سینٹر میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ ڈاکٹر ہاشم رضا نے اپنے بیٹے کے دکھ میں شریک ہو کر اس افسوسناک حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسری ایک محنتی اور باصلاحیت نوجوان خاتون تھی جس کا پورا خاندان اس کے نقصان پر غمزدہ ہے۔

المناک حادثے میں پاکستانی خاتون اسری حسین بھی شامل تھیں۔ (فائل فوٹو)

امریکی حکام نے تصدیق کی ہے کہ اس حادثے میں تمام 67 افراد ہلاک ہو گئے ہیں اور ان کی لاشوں کی تلاش کا عمل جاری ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق، طیارہ تین حصوں میں بکھر کر دریا میں گرا، جس میں سے کچھ ملبہ پانی کی سطح سے نکال لیا گیا ہے، مگر تمام ہلاک شدگان کی لاشیں ابھی تک بازیاب نہیں ہو سکیں۔

پوٹومیک دریا میں گر کر تباہ ہونے والے طیارے کے ملبے اور لاشوں کی بازیابی کا عمل جاری ہے، اور امید کی جا رہی ہے کہ اس حادثے کی تفصیلات جلد ہی سامنے آئیں گی۔ اس سانحے نے نہ صرف امریکا بلکہ پاکستان اور دیگر ممالک کے شہریوں کے دلوں کو بھی گہرا دکھ پہنچایا ہے۔

 

اظہر تھراج

اظہر تھراج

Share This Post:

متعلقہ پوسٹس