سونے کی قیمتوں میں اضافے کا نہ رکنے والا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں سونے کی قیمتیں مقامی و عالمی مارکیٹ میں تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔
عالمی بلین مارکیٹ میں سونا 41 ڈالر کے نمایاں اضافے سے 3654 ڈالر فی اونس کا ہوگیا۔ عالمی مارکیٹ میں سونے کے نرخ میں نمایاں اضافے کے باعث مقامی سطح پر بھی فی تولہ سونا 4100 روپے کے بڑے اضافے سے ملکی تاریخ میں پہلی بار تین لاکھ 88 ہزار 100 روپے پر جاپہنچا۔
اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت بھی 3514 روپے بڑھ کر 3 لاکھ 32 ہزار 733 روپے ہوگئی۔
یاد رہے کہ پیر کو سونے کی فی تولہ قیمت 6100 روپے کے بڑے اضافے سے تین لاکھ 84 ہزار روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی۔

دریں اثنا چاندی کی فی تولہ قیمت 20 روپے کے اضافے سے 4358 روپے پر مستحکم رہی۔
اس وقت سونے کی قیمتوں میں اضافے کی وجوہات عالمی سطح پر معاشی حالات کی غیر یقینی صورتحال، افراط زر، اور مختلف عالمی بحرانوں کو قرار دیا جا رہا ہے۔
حکومتی سطح پر اس معاملے پر کسی بھی فوری ردعمل کا عندیہ نہیں دیا گیا۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ سونے کی قیمتوں میں مزید اضافے کا امکان ہے، تاہم ملکی معاشی حالات میں بہتری اور عالمی مارکیٹ کے حالات میں استحکام کے بعد قیمتوں میں کمی آ سکتی ہے۔