ایشیا کپ 2025 کے دوسرے میچ میں انڈیا نے یو اے ای کو یکطرفہ مقابلے کے بعد نو وکٹوں سے شکست دے دی۔
دبئی میں کھیلے گئے میچ میں انڈین کپتان سوریا کمار نے ٹاس جیت کر یو اے ای کو بیٹنگ کی دعوت دیتے ہوئے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
بیٹنگ کرتے ہوئے یو اے ای کی پوری ٹیم خزاں میں پتوں کی ماند ثابت ہوئی اور 13 اعشاریہ ایک اوورز میں 57 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
یو اے ای کی جانب سے اوپننگ بیٹر علیشان 22 اور کپتان وسیم 19 رنز بنا کر نمایاں رہے، ان دونوں کے علاوہ کوئی بھی بیٹر ڈبل فیگر میں داخل نہ ہوسکا۔
انڈیا کی جانب سے کلدیپ یادیو نے چار اور شیوام دوبے نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

دوسری جانب ہدف کے تعاقب میں انڈین ٹیم نے محض چار اعشاریہ تین اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر ہدف حاصل کرتے ہوئے یو اے ای کو نو وکٹوں سے شکست دے دی۔
انڈیا کی جانب سے اوپننگ کرتے ہوئے ابھیشیک شرما نے 16 گیندوں پر 30 رنز بنائے، جب کہ شبھمن گل 20 اور سوریا کمار سات رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔
یو اے ای کی جانب سے جنید صدیق ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
یاد رہے کہ یو اے ای اور انڈیا ایشیا کپ کے گروپ اے میں شامل ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ایشیا کپ کے افتتاحی میچ میں افغانستان نے ہانگ کانگ کو 94 رنز سے شکست دی تھی۔