ٹک ٹاکر سامعہ حجاب کے مبینہ اغوا کیس میں نیا رخ سامنے آگیا ہے جہاں مدعی مقدمہ اور ملزم کے درمیان معاملات طے پا گئے ہیں اور دونوں فریقین میں صلح ہو گئی ہے۔
نجی نشریاتی ادارے پبلک نیوز کے مطابق سامعہ حجاب نے ملزم حسن زاہد کو مشروط طور پر معاف کر دیا ہے اور اس کی جلد رہائی کا راستہ ہموار ہو گیا ہے۔
ملزم حسن زاہد کو آج جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت میں پیش کیا جائے گا جبکہ پولیس نے تفتیش مکمل کر لی ہے اور مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سامعہ حجاب نے صلح اور معافی کا تحریری بیان پولیس کو ریکارڈ کروا دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ حسن زاہد نے اسے اغوا کرنے کی کوشش کا اعتراف کرتے ہوئے معافی مانگی اور آئندہ ایسی حرکت نہ دہرانے کی یقین دہانی کرائی۔
اس کے علاوہ اس نے اعتراف کیا کہ دوستوں کے ذریعے کچھ قابل اعتراض ویڈیوز شیئر کی گئی تھیں تاہم وہ ویڈیوز ڈیلیٹ کرنے کی بھی یقین دہانی کرا دی ہے۔
سامعہ نے کہا کہ ان یقین دہانیوں کی بنیاد پر وہ حسن زاہد کو معاف کر رہی ہیں۔
پولیس آج سامعہ حجاب کا ریکارڈ شدہ بیان عدالت میں جمع کرائے گی۔
اس سے قبل سامعہ حجاب نے الزام عائد کیا تھا کہ حسن زاہد نے اسے گھر کے باہر سے اغوا کرنے کی کوشش کی تھی جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل بھی ہوئی تھی۔
پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے لاہور کے رہائشی حسن زاہد کو اسلام آباد سے گرفتار کیا تھا۔
سامعہ نے اپنے ایک انٹرویو میں خدشہ ظاہر کیا تھا کہ اگر حسن جیل سے رہا ہو گیا تو وہ بدلہ لے سکتا ہے۔