متحدہ عرب امارات نے قطر پر اسرائیلی فضائی حملے کے بعد نومبر میں ہونے والے ایئر شو میں اسرائیل کی شرکت پر پابندی عائد کر دی۔
اسرائیلی اخبار ’ٹائمز آف اسرائیل‘ کے مطابق اماراتی حکومت نے اسرائیلی ڈیفنس اسٹیبلشمنٹ کو باضابطہ طور پر اطلاع دی ہے کہ رواں برس نومبر میں منعقد ہونے والے ایئر شو میں اسرائیل کی دفاعی کمپنیاں شریک نہیں ہو سکیں گی۔
اخبار کے مطابق اگرچہ متحدہ عرب امارات نے اس فیصلے کی کوئی باضابطہ وجہ بیان نہیں کی، تاہم اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کی بنیادی وجہ قطر پر اسرائیلی فضائی حملہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں : اسرائیلی فوج نے 100 سے زائد فلسطینی گرفتار کر لیے، طولکرم میں کرفیو نافذ
یاد رہے کہ متحدہ عرب امارات نے قطر پر حملے کے بعد آج اسرائیلی سفیر کو بھی طلب کیا تھا اور معاملے پر سخت تحفظات کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ نو ستمبر کو اسرائیل نے قطر کے دارالحکومت دوحہ پر فضائی حملہ کیا تھا جس کا ہدف فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کی اعلیٰ قیادت تھی، تاہم حماس کی اعلیٰ قیادت اس حملے میں محفوظ رہی تھی۔