ملاقات کے دوران ارکانِ اسمبلی نے سڑکوں اور گلیوں کی تعمیر و توسیع، ڈرینج سسٹم کی بہتری اور صاف پانی کی فراہمی کے لیے جاری مثالی گاؤں پراجیکٹس کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر دیہات میں بھی شہروں کی طرز پر ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صفائی کا مربوط نظام متعارف کرانے کو خوش آئند قرار دیا گیا۔

اجلاس میں پنجاب بھر میں 13 ہزار سڑکوں کی تعمیر، مرمت اور توسیع کے منصوبے کو بھی سراہا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے پنجاب کی ترقی کا سنہرا دور شروع ہو چکا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ تین ہزار سے زائد مراکز صحت کو سٹیٹ آف دی آرٹ ہیلتھ کلینکس میں تبدیل کیا جا رہا ہے، جس سے صحت کا مجموعی کلچر بدل گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کا پہلا سرکاری کینسر ہسپتال اور نواز شریف میڈیکل سٹی جلد مکمل کیا جائے گا، جبکہ پہلا سرکاری آٹزم سکول خصوصی بچوں کے لیے امید کی کرن ثابت ہو رہا ہے۔

وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ سرگودھا میں انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے قیام سے دل کے مریضوں کو جدید سہولیات میسر آئی ہیں، جبکہ ہر ضلع میں کیتھ لیب اور سٹروک مینجمنٹ سینٹرز کے قیام سے امراضِ قلب اور فالج کے فوری علاج کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

رہائشی منصوبوں پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپنا چھت، اپنا گھر اسکیم کے تحت سوا لاکھ کے قریب گھر تیزی سے تکمیل کے مراحل میں ہیں، جبکہ بے روزگار اور بے زمین کاشتکاروں کے لیے اپنا کھیت، اپنا روزگار پروگرام بھی شروع کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ الیکٹرک بس سروس کے ذریعے دور دراز علاقوں کے عوام کو آرام دہ اور مفت سفری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

ستھرا پنجاب پروگرام کے حوالے سے وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ صاف ماحول ہر شہری کا بنیادی حق ہے اور حکومت اس مقصد کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ انتظامی افسران ان کی آنکھ اور کان ہیں اور انہیں صفائی کے نظام کی مؤثر نگرانی یقینی بنانا ہوگی۔

انہوں نے ہدایت کی کہ صفائی کا نظام شہری اور دیہی علاقوں میں یکساں ہونا چاہیے، جبکہ ستھرا پنجاب کے ورکرز کی تنخواہوں کی بروقت ادائیگی کو بھی یقینی بنایا جائے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ صفائی نصف ایمان ہے اور یہ ہر شہری کا حق ہے، اس لیے اس شعبے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

مریم نواز شریف نے مزید کہا کہ صفائی کا نظام جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے اور عوام کو صاف اور صحت مند ماحول فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ ستھرا پنجاب میں مالی بے ضابطگیوں کی روک تھام اور گھوسٹ ملازمین کی نشاندہی افسران کی ذمہ داری ہے، جبکہ بدانتظامی اور بدعنوانی ناقابلِ برداشت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ستھرا پنجاب کے ورکرز کی کارکردگی کا باقاعدہ جائزہ لیا جائے گا کیونکہ صفائی ستھرائی سے ہی حکومتی کارکردگی کا اندازہ ہوتا ہے۔ وزیراعلیٰ نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر خصوصی صفائی انتظامات کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ کوئی بھی کام آسان نہیں ہوتا، تاہم احساسِ ذمہ داری کے ساتھ ہی کامیابی ممکن ہے اور ستھرا پنجاب پروگرام سے عوام کا معیارِ زندگی نمایاں طور پر بہتر ہوگا۔