Follw Us on:

غزہ میں اسرائیلی کی گولہ باری، 41 فلسطینی شہید، ایران کا اسرائیل کے خلاف ’مشترکہ آپریشن روم‘ قائم کرنے کا مطالبہ

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
Gaza attack
اسرائیلی وزرا نے حماس رہنماؤں کو دنیا میں کہیں بھی نشانہ بنانے کی دھمکیاں جاری رکھی ہیں۔ (فوٹو: الجزیرہ)

غزہ شہر میں اسرائیلی افواج کی توپ خانے کی گولا باری، فائرنگ، بحری جہازوں سے حملے اور فضائی بمباری کے نتیجے میں آج صبح سے اب تک کم از کم 41 فلسطینی شہید ہو گئے ہیں۔

قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق تازہ حملے ایسے وقت میں ہو رہے ہیں جب قطر اتوار اور پیر کو عرب اور مسلم رہنماؤں کی سربراہی کانفرنس کی میزبانی کر رہا ہے تاکہ اسرائیل کے دوحہ پر حملے کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جا سکے۔

تل الحوا کے علاقے میں ایک رہائشی عمارت پر حملے میں کئی افراد شہید اور زخمی ہوئے۔ یہ عمارت مغربی غزہ شہر میں اس بے گھر افراد کے کیمپ کے سامنے واقع تھی جہاں سیکڑوں خاندان پناہ گزین تھے۔

دھماکے کے نتیجے میں ملبہ اور شیل کیمپ میں جا گرے جس سے خیموں میں موجود افراد شہید اور زخمی ہوئے۔ طبی ذرائع کے مطابق صرف اتوار کی صبح سے اب تک 41 فلسطینی اپنی جانوں سے محروم ہو چکے ہیں۔

اسرائیل حملوں سے قبل مختلف علاقوں کو خالی کرنے کی وارننگ دے رہا ہے جس کے باعث مزید ہزاروں فلسطینی گھروں سے نکلنے پر مجبور ہیں۔ صہیونی ریاست کا مقصد غزہ پر مکمل قبضے کی راہ ہموار کرنا بتایا جا رہا ہے۔

ایران کے سپریم لیڈر کے مشیر علی لاریجانی نے اسرائیل کے خلاف مشترکہ آپریشن روم قائم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ علاقائی ممالک ایسی کانفرنسوں پر وقت ضائع نہ کریں جن کے کوئی عملی نتائج نہ نکلیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مشترکہ آپریشن روم اسرائیل کے سرپرستوں کو مجبور کر دے گا کہ وہ اپنے فیصلے بدلیں، بصورت دیگر عملی اقدامات نہ کرنے کا مطلب صہیونی ریاست کو مزید جارحیت کی اجازت دینا ہوگا۔

یاد رہے کہ جون میں ایران پر اسرائیلی حملے کے نتیجے میں تقریباً دو ہفتے تک جاری رہنے والی شدید جنگ بھڑک اٹھی تھی۔

دوسری جانب اسرائیلی وزرا نے حماس رہنماؤں کو دنیا میں کہیں بھی نشانہ بنانے کی دھمکیاں جاری رکھی ہیں۔

اسرائیل کی سیکیورٹی کابینہ کے رکن اور توانائی کے وزیر ایلی کوہن نے کہا کہ حماس رہنماؤں کو دنیا میں کہیں بھی سکون کی نیند نہیں سونا چاہیے۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا اس میں استنبول اور انقرہ بھی شامل ہیں تو انہوں نے یہی جواب دیا کہ دنیا میں کہیں بھی۔ اسرائیلی کابینہ کے ایک اور رکن زیو الکین نے بھی کہا کہ ہم حماس کا پیچھا کریں گے اور جہاں بھی ہوں گے حساب برابر کریں گے۔

اس دوران یہودی آبادکاروں نے اسرائیلی پولیس کی حفاظت میں مسجد اقصیٰ کے صحن پر دھاوا بولا۔ عینی شاہدین کے مطابق درجنوں آبادکار گروپوں کی صورت میں داخل ہوئے، دورے کیے اور تلمودی رسومات ادا کیں۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

متعلقہ پوسٹس