Follw Us on:

ہماری پہلی ترجیح لوگوں کی جان بچانا ہے، وزیرِاعلیٰ سندھ

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
Syed murad ali shah
موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے ہر چند سال بعد ہمیں سیلاب کا سامنا ہوتا ہے۔ (فوٹو: گوگل)

وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ہماری پہلی ترجیح لوگوں کی جان بچانا ہے، صوبائی حکومت نے سیلاب سے متعلق مکمل تیاری کر رکھی ہے اور وہ صورتحال پر مطمئن ہیں۔

سکھر میں صوبائی وزرا کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے گڈو اور سکھر بیراج کا دورہ کیا اور وفاقی حکومت سے زرعی ایمرجنسی نافذ کرنے کا مطالبہ کیا تھا، جس پر وزیراعظم نے کابینہ اجلاس کے بعد زرعی اور موسمیاتی ایمرجنسی نافذ کی۔

انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے ہر چند سال بعد ہمیں سیلاب کا سامنا ہوتا ہے، اس لیے اقوام متحدہ سے فوری ریلیف اپیل کرنا ناگزیر ہے۔

وزیرِاعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ گڈو بیراج پر پانی کی آمد 6 لاکھ کیوسک سے زائد ہے اور اندازہ ہے کہ ساڑھے 6 سے 7 لاکھ کیوسک کا ریلا سکھر بیراج سے گزر سکتا ہے۔ ہماری پہلی ترجیح لوگوں کی جان بچانا ہے، گڈو سے سکھر تک بندوں کو مضبوط کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کشمور میں تقریباً 30 ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔ ریلیف کیمپس اور میڈیکل کیمپ قائم ہیں، جہاں متاثرین کو سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔

Syed murad ali shah ii
گڈو بیراج پر پانی کی آمد 6 لاکھ کیوسک سے زائد ہے۔ (فوٹو: گوگل)

سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ 2010 سے 2025 تک دریا کے بندوں کی اونچائی بڑھائی گئی ہے اور موجودہ ریلا بند سے نیچے ہے۔ کچے کے عوام نے بڑی ہمت دکھائی اور افرا تفری نہیں پھیلائی، ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ انڈیا کے ڈیم بھی مکمل بھرے ہوئے ہیں، مگر اس وقت مزید بڑے ریلا آنے کے امکانات نہیں ہیں۔ لوگوں کے انخلا میں کوئی مشکل پیش نہیں آئی، پانی کی آمد ہر سال مختلف ہوتی ہے، اس سے نقصانات بھی ہوتے ہیں۔

مزید پڑھیں: پنجاب میں 16 سے 19 ستمبر تک بارشوں کے نیا اسپیل متوقع، انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت

دوسری جانب صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے کہا ہے کہ سندھ حکومت ریسکیو، ریلیف اور بحالی کی سرگرمیوں میں مصروف ہے۔ گڈو بیراج پر اونچے، سکھر بیراج پر درمیانے اور پنجند میں اونچے درجے کا سیلاب ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 5269 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا، جب کہ اب تک مجموعی طور پر ایک لاکھ 63 ہزار سے زائد افراد کو منتقل کیا جا چکا ہے۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

متعلقہ پوسٹس