Follw Us on:

پاکستان قطر کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع میں اس کے ساتھ کھڑا ہے، اسحاق ڈار

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
Ishaq dar
اسرائیل مسلسل عالمی امن کے لیے خطرہ بن چکا ہے، اسحاق ڈار (فوٹو: فائل)

پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے ہنگامی عرب-اسلامی سربراہی اجلاس کے وزارتی سیشن سے خطاب میں قطر کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کی اور کہا کہ پاکستان قطر کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع میں اس کے ساتھ کھڑا ہے۔

پاکستان ٹیلی وژن کے مطابق اسحاق ڈار نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے قطر پر حالیہ حملے نہ صرف غیر قانونی اور بلاجواز ہیں بلکہ بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔

انہوں نے ان حملوں کو غیر ذمہ دارانہ اور اشتعال انگیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام خطے کے امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہے۔

اسحاق ڈار نے یاد دہانی کرائی کہ صرف گزشتہ ماہ او آئی سی وزرائے خارجہ فلسطین پر اسرائیلی جارحیت پر غور کے لیے جدہ میں جمع ہوئے تھے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ اسرائیل مسلسل عالمی امن کے لیے خطرہ بن چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قطر نے امریکا اور مصر کے ساتھ مل کر فلسطین میں جنگ بندی کے لیے اہم ثالثی کردار ادا کیا ہے، مگر اسرائیلی حملہ نہ صرف ایک خودمختار ریاست پر چوٹ ہے بلکہ سفارتکاری پر بھی حملہ ہے۔

Ishaq dar ii
پاکستان قطر کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع میں اس کے ساتھ کھڑا ہے، اسحاق ڈار (فوٹو: فائل)

اسحاق ڈار نے اجلاس کو بتایا کہ پاکستان بطور سلامتی کونسل رکن الجزائر اور صومالیہ کے ساتھ مل کر اس معاملے پر سلامتی کونسل کا ایمرجنسی اجلاس بلا چکا ہے، جب کہ انسانی حقوق کونسل میں بھی دوحہ پر اسرائیلی حملے پر فوری بحث کا مطالبہ کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے چند فوری اقدامات تجویز کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی جارحیت اور مظالم پر احتساب کیا جائے، اسرائیل کے توسیع پسندانہ عزائم روکنے کے لیے عرب-اسلامی ٹاسک فورس تشکیل دی جائے اور او آئی سی کی سفارش کے مطابق اسرائیل کی اقوام متحدہ کی رکنیت معطل کی جائے۔

مزید پڑھیں: عرب و اسلامی وزرائے خارجہ کا قطر میں ہنگامی اجلاس: ’عالمی برادری کی خاموشی نے اسرائیل کو حوصلہ دیا ہے‘

ان کا کہنا تھا کہ اس کے علاوہ رکن ممالک کی جانب سے تعزیری اقدامات کیے جائیں، سلامتی کونسل فوری جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے کے لیے اقدامات کرے، غزہ میں انسانی امداد کی بلا روک ٹوک فراہمی اور امدادی کارکنوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے اور دو ریاستی حل کے لیے بامقصد اور وقت مقررہ مذاکرات بحال کیے جائیں۔

خطاب کے اختتام پر اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان عالمی امن، فلسطینی عوام کے حقِ خود ارادیت اور انصاف کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا اور او آئی سی و عرب ممالک کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

متعلقہ پوسٹس