وفاقی حکومت نے اسلام آباد اور راولپنڈی کے درمیان جدید اور تیز رفتار ٹرین چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر ریلوے کے درمیان منصوبہ جلد از جلد مکمل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
پیر کے روز اسلام آباد اور راولپنڈی کے درمیان تیز رفتار ٹرین چلانے کے منصوبے کا فیصلہ وزیر داخلہ اور وزیر ریلوے کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا۔
اجلاس میں مارگلہ اسٹیشن اسلام آباد سے راولپنڈی صدر اسٹیشن تک ریل منصوبے کو جلد مکمل کرنے پر بات چیت کی گئی اور آئندہ ہفتے منصوبے کے فریم ورک ایگریمنٹ کو حتمی شکل دے کر دستخط کیے جائیں گے۔
اعلامیے کے مطابق اسلام آباد اور راولپنڈی کے درمیان سفر کی مدت 20 منٹ ہو گی، جس سے نہ صرف وقت اور ایندھن کی بچت ہو گی بلکہ جدید اور تیز رفتار ٹرین سے ٹریفک کا دباؤ بھی کم ہوگا۔

حکومت کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کے ذریعے شہریوں کو جدید ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کی جائے گی، جس سے دونوں شہروں کے درمیان سفر کے دوران درپیش مشکلات میں کمی آئے گی۔
یہ منصوبہ نہ صرف عوامی سفر کے لیے مفید ثابت ہوگا بلکہ اس کے ذریعے ماحول دوست ٹرانسپورٹ کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔ وفاقی وزیر ریلوے کے مطابق، اس منصوبے کی تکمیل سے راولپنڈی اور اسلام آباد کے درمیان ٹریفک کے دباؤ میں کمی آئے گی اور لوگوں کو تیز، محفوظ اور سستی نقل و حمل کی سہولت ملے گی۔
واضع رہے کہ مذکورہ منصوبے کی تکمیل کی مدت اور دیگر تفصیلات آئندہ ہفتوں میں فریم ورک ایگریمنٹ کے بعد واضح کی جائیں گی۔