پاکستان نے اعلان کیا ہے کہ وہ ایشیا کپ کے باقی میچز صرف اسی صورت کھیلے گا اگر میچ ریفری اینڈی پائیکرافٹ کو ہٹا دیا گیا۔ بصورتِ دیگر قومی ٹیم مزید کوئی میچ نہیں کھیلے گی۔
ڈان نیوز کے مطابق پاکستان نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو اس معاملے پر باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان نے فیصلہ کر لیا ہے کہ جب تک ریفری کو ہٹایا نہیں جاتا، ٹیم میدان میں نہیں اترے گی۔
The PCB has lodged a complaint with the ICC regarding violations by the Match Referee of the ICC Code of Conduct and the MCC Laws pertaining to the Spirit of Cricket. The PCB has demanded an immediate removal of the Match Referee from the Asia Cup.
— Mohsin Naqvi (@MohsinnaqviC42) September 15, 2025
پی سی بی اور ایشین کرکٹ کونسل کے چیئرمین محسن نقوی نے ’ایکس‘ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے بتایا کہ پی سی بی نے آئی سی سی کو شکایت درج کرائی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میچ ریفری نے آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق اور ایم سی سی قوانین کی خلاف ورزی کی ہے، اسی لیے مطالبہ کیا گیا ہے کہ انہیں فوری طور پر ایشیا کپ سے ہٹایا جائے۔
ذرائع کے مطابق ایشین کرکٹ کونسل کی جانب سے بھارتی ٹیم پر جرمانہ بھی عائد کیے جانے کا امکان ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بھارت نے پاکستان کو شکست دینے کے بعد کھیل کی روح کے خلاف رویہ اختیار کیا تھا۔ بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو اور ان کے کھلاڑی پاکستانی ٹیم سے مصافحہ کیے بغیر میدان سے چلے گئے تھے۔
Utterly disappointing to witness the lack of sportsmanship today. Dragging politics into the game goes against the very spirit of sports. Lets hope future victories are celebrated by all teams with grace
— Mohsin Naqvi (@MohsinnaqviC42) September 14, 2025
ٹیم کے ترجمان کے مطابق ٹاس کے وقت بھی میچ ریفری نے کپتانوں کو ہاتھ نہ ملانے کا کہا تھا۔
اس رویے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے میچ کے بعد ہونے والی تقریب میں شرکت نہیں کی۔
مزید یہ کہ بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو نے کھیل میں سیاست شامل کرتے ہوئے جیت کو پہلگام واقعے کے نام کر دیا اور کہا کہ یہ کامیابی بھارتی فوج کے لیے ایک تحفہ ہے، جو آئی سی سی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔