امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے کہا کہ گریٹر اسرائیل کا ایجنڈا صرف خطے نہیں بلکہ عالمی امن کے لیے بھی شدید خطرہ ہے، فلسطینی عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم نسل کُشی کے مترادف ہیں، جب کہ عالمی قوانین کی اس کھلی خلاف ورزی کو مزید برداشت نہیں کیا جا سکتا۔
قطر کے دارالحکومت دوحہ میں عرب اسلامی ہنگامی سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امیر قطر نے اسرائیل کی پالیسیوں اور عزائم کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔
ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے انسانیت کے خلاف جرائم میں تمام حدیں پار کر دی ہیں اور اس کی جارحانہ پالیسی پورے خطے کو بحران میں دھکیل رہی ہے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ خاموشی کی کوئی گنجائش باقی نہیں رہی۔
مزید پڑھیں: مسلم ممالک کو چاہیے کہ وہ اسرائیل سے تعلقات منقطع کرلیں، ایرانی صدر
شیخ تمیم بن حمد الثانی نے کہا کہ قطر نے خطے میں ثالث کے طور پر امن قائم کرنے کی سنجیدہ کوششیں کیں، یرغمالیوں کی رہائی کے اقدامات بھی کیے گئے، لیکن اسرائیل نے جان بوجھ کر مذاکراتی عمل کو سبوتاژ کیا اور حماس کی قیادت کو نشانہ بنایا۔
انہوں نے واضح کیا کہ گریٹر اسرائیل کا ایجنڈا عالمی سطح پر ایک خطرناک منصوبہ ہے، جسے روکنے کے لیے مسلم دنیا کو متحد ہو کر مؤقف اپنانا ہوگا۔
واضح رہے کہ دوحہ میں ہونے والے اس سربراہی اجلاس میں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور دیگر اسلامی ممالک کے رہنما بھی شریک ہوئے۔ اجلاس میں اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت اور فلسطین کے حق میں مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے پر زور دیا گیا۔