پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم اور فخر زمان کو پی سی بی انتطامیہ نے اوپنرز کے طور پر لانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ دونوں کھلاڑیوں کے حوالے سے فیصلہ سہ ملکی سیریز اورچیمپئنز ٹرافی کے لیے کیا گیا ہے۔
پاکستانی ٹیم مینجمنٹ نے طے کر لیا ہے کہ ایک ہفتے بعد شروع ہونے والی سہہ فریقی سیریز اور پھر چیمپینز ٹرافی میں بابراعظم فخر زماں کے ساتھ اوپننگ کریں گے۔
یاد رہے کہ بابراعظم پچھلے کئی برسوں سے ون ڈاؤن کھیل رہے ہیں اور نمبر تین پوزیشن کی وجہ سے ہی تین چار برسوں سے وہ ون ڈے رینکنگ میں نمبر ون چلے آ رہے ہیں۔
ہیڈ کوچ عاقب جاوید اور بیٹنگ کوچ شاہد اسلم نے بابراعظم کو دورہ جنوبی افریقہ میں قائل کیا کہ صائم ایوب فریکچر کی وجہ سے اگلے کئی ہفتے نہیں کھیل پائے گا،اس لئے ٹیم کو ایک اچھی تکنیک والے اوپنر کی ضرورت ہے، جس کے لیے بابراعظم اوپر کے لیے بہترین ثابت ہوں گے۔
عاقب جاوید نے بابراعظم کو قائل کیا کہ وہ اوپننگ کرے، اس سے وہ زیادہ اوورز کھیل سکے گا اور ٹیم کو لیڈ کر پائے گا۔
بابراعظم کو ٹنڈولکر کی مثال دی گئی جو اپنے ون ڈے کیرئر میں پہلے مڈل آرڈر میں کھیلتے تھے، مگر بعد میں وہ اوپنر بنے اور طویل عرصہ اوپننگ کرتے رہے، حالانکہ ٹنڈؤلکر تب بھی ٹیسٹ کرکٹ میں نمبر چار پر ہی کھیلتے تھے۔ بطور اوپنر کھیلنے کی وجہ ہی سے ٹنڈولکر ون ڈے میں اتنی زیادہ سنچریاں بنانے میں کامیاب ہوا۔

اطلاعات کے مطابق بابراعظم قائل ہوگئے ہیں اور اب اگلے دونوں ٹورنامنٹس میں بابراوپننگ کریں گے۔ البتہ جب صائم ایوب فٹ ہو کر ٹیم میں واپس آئیں گے تب شائد یہ سوال پیدا ہو کہ اب کیا ترتیب بنائی جائے ؟
بابر اعظم وائٹ بال کرکٹ کے دوسرے فارمیٹ ٹی ٹوئنٹی میں کئی سال اوپننگ ہی کرتے رہے بلکہ ان پر تنقید بھی ہوئی، مگر بابر نے ہمیشہ اوپننگ کو ترجیح دی۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل میں وہ پشاور زلمی کی طرف سے بطور اوپنر ہی کھیلتے ہیں البتہ ٹیسٹ میچز میں بابر اعظم نمبر چار پر ہی کھیلتے ہیں۔
بابر کی اوپننگ کی صورت میں پاکستانی مڈل آرڈر بیٹنگ ممکنہ طور پر محمد رضوان، سلمان آغا، سعود شکیل ، کامران غلام وغیرہ پر مشتمل ہوگی، ان کے ساتھ طیب طاہر کو بھی آزمایا جا سکتا ہے۔

جبکہ دوسری جانب امکانات ہیں کہ کنڈیشن کے مطابق نمبر سات پر سپن آل رائونڈر خوشدل شاہ یا فاسٹ میڈیم آل رائونڈر فہیم اشرف کو موقعہ مل سکتا ہے جبکہ تین فاسٹ باولرز اور ایک سپیشلسٹ سپنر ابرار لازمی کھیلیں گے، یوں چار سپیشلسٹ باولرز ہوں گے جبکہ پانچویں کی آپشن آل رائونڈر اور پارٹ ٹائم سپنر سلمان آغا ادا کریں گے۔
اب دیکھنا یہ ہے کہ اس وقت ون ڈے کے بہترین بلے باز بابراعظم ماڈرن کرکٹ کے ایک لیجنڈ سچن ٹنڈولکر کی تاریخ دہرا پائیں گے؟