Follw Us on:

’بلوچستان میں دہشت و شر کی فضا پھیلانے والے عناصر ترقی کے دشمن ہیں‘ وزیر اعظم

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
وزیر اعظم شہباز شریف کوئٹہ میں زخمی سکیورٹی اہلکاروں کی عیادت کرتے ہوئے (وزیر اعظم آفس)

وزیرِاعظم پاکستان شہباز شریف خصوصی دورے کے لیے کوئٹہ پہنچ گئے۔ وزیرِاعظم شہباز شریف دہشت گردوں سے بہادری سے لڑنے والے زخمی اہلکاروں کی عیادت کے لیے سی ایم ایچ کوئٹہ  گئے۔ وزیر اعظم نے نڈر جوانوں
کے جذبے اور غیر متزلزل عزم کی تعریف کی۔

نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار، وزیرِ دفاع خواجہ آصف، وزیرِ اطلاعات عطاء اللّٰہ تارڑ اور وزیرِ بجلی اویس لغاری بھی وزیرِ اعظم کے ہمراہ ہیں۔خصوصی دورے کے دوران وزیرِ اعظم کو امن و امان کی موجودہ صورتِ حال پر بریفنگ دی جائے گی۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ “دہشت گردی کے ناسور کے ملک سے مکمل خاتمے کے لیے افواج پاکستان اور پاکستانی عوام شانہ بشانہ کھڑے ہیں”۔

ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم نے 31 جنوری اور یکم فروری کی درمیانی شب ضلع قلات کے علاقے منگیچر میں عسکریت پسندوں کے حملے زخمی ہونے والے اہلکاروں کی سی ایم ایچ کوئٹہ میں عیادت کے موقع پر کیا۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے وزیر اعظم کا استقبال کیا (فوٹو: وزیراعظم ہاؤس)

سرکاری اعلامیے کے مطابق وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کوئٹہ آمد کے بعد وزیر اعلٰی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے ہمراہ سی ایم ایچ کوئٹہ پہنچے۔

انہوں نے جوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا “آپ سب قوم کے ہیرو ہیں اور پوری قوم کو اپنے بہادر نوجوانوں پر فخر ہے۔ دشمن پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا”۔

وزیر اعظم نے کہا کہ “بلوچستان میں دہشت و شر کی فضا پھیلانے والے عناصر بلوچستان کی ترقی کے دشمن ہیں”۔

ان کا کہنا تھا کہ “بلوچستان کے عوام کے تحفظ کے لیے سکیورٹی فورسز شر پسند عناصر کے سد باب کے لیے دن رات مصروف عمل ہیں”۔

 انہوں نے مزید کہا کہ “دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے افواجِ پاکستان اور عوام شانہ بشانہ ہیں۔ دہشت اور بدامنی پھیلانے والے عناصر ترقی کے دشمن ہیں۔ بلوچستان کے امن، ترقی اور خوشحالی کے خلاف ناپاک عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے”۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

متعلقہ پوسٹس