وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سعودی عرب ہمارا ایک برادر ملک ہے اور پاکستان کے لیے انتہائی نیک خیالات رکھتا ہے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سعودی ترقیاتی فنڈ نے ملک کے پہاڑی اضلاع کے لیے پانی کی اسکیم کی منظوری دی ہے۔
گذشتہ روز اس کے معاہدے پر بھی دستخط ہوئے ہیں جس کے مطابق پاکستان میں کنگ سلمان ہسپتال بھی بنایا جائے گا۔ جس کے لیے سعودی عرب کی جانب سے 40 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری بھی ہوگی۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پیر کو سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ اور پاکستان نے دونوں ممالک کے درمیان 1.61 ارب ڈالر کے دو معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پیر کو سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے ایک وفد اسلام آباد بھیجا تھا۔ ہماری تیل کی سہولت جو کہ دسمبر 2023 میں ختم ہو گئی تھی، اب دوبارہ سے شروع ہو رہی ہے ، اوراس سے ایک اعشاریہ دو ارب ڈالر کی سالانہ سہولت ملے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سعودی عرب کی طرف سے تیل کی درآمد پر دی جانے والی سہولت سے پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر بہتر ہوں گے۔
سعودی فنڈ کے سی ای او سلطان عبدالرحمن المرشد کی قیادت میں ایک وفد نے پاکستان کا دورہ کیا جس کے دوران وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات بھی کی۔
دونوں ملکوں کے درمیان معاہدوں میں سعودی عرب سے تیل درآمد کے لیے 1.20 ارب ڈالر اور مانسہرہ میں گریویٹی فلو واٹر سکیم کی تعمیر کے لیے 41 ملین ڈالر رعایتی قرضے کے معاہدے شامل ہیں۔
ملاقات میں شہباز شریف نے سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان دیرینہ دوستی کا حوالہ دیتے ہوئے صحت، توانائی، انفراسٹرکچر اور تعلیم کے شعبوں میں پاکستان کو مالی امداد فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ 2022 کے تباہی کن سیلاب کے بعد تعمیر نو کے لیے ایس ایف ڈی کی کوششوں کو سراہا۔

دوسری جانب سعودی ترقیاتی فنڈ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ’سعودی قیادت کے مطابق اور پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف کی موجودگی میں، سعودی ترقیاتی فنڈ کے سی ای او سلطان المرشد نے آج پاکستان کے معاشی امور کی وزارت کے سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز کے ساتھ 1.2 ارب ڈالر کے تیل کے لیے معاہدے پر دستخط کیے۔
سعودی ترقیاتی فنڈ کی جانب ایکس پر جاری بیان میں کہا گیا “اس معاہدے کا مقصد پاکستان کی معیشت کو سہارا دینا، معاشی چیلنجوں سے نمٹنے، سیکٹر کی ترقی کو فروغ دینے اور ایک مستحکم معیشت کی تعمیر ہے۔ یہ 2019 سے سعودی عرب کی جانب سے تیل کی مالی تعاون کے سلسلے میں فراہم کی جانے والی مدد کی استثنیٰ کے طور پر آیا ہے، جس کی کل رقم 6.7 ارب ڈالر ہو گئی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ حال ہی میں سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان 2.8 ارب ڈالر کی مالیت کے معاہدے ہوئے ہیں، ’جن میں کئی منصوبوں پر کام کا آغاز ہوچکا ہے. مجھے امید ہے کہ جلد ہی ان معاہدوں کے ثمرات دونوں ممالک کو ملیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں تقریباً 25 لاکھ افراد پر مشتمل پاکستانی کمیونٹی دونوں ممالک کے درمیان ایک مضبوط پل کا کام کرتی ہے۔
’عرب اسلامی سربراہی اجلاس کی میزبانی پر ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی تعریف کرتا ہوں، جس نے غزہ، لبنان اور خطے میں امن کے لیے امت مسلمہ کے مطالبے کو تقویت دی۔