سکیورٹی ذرائع نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے کسی بھی خط سے لاعلمی کا اظہار کردیا، سکیورٹی ذرائع کے مطابق ’آرمی چیف کو لکھا گیا خط اب تک انہیں موصول نہیں ہوا‘۔
نجی ٹی وی ’جیو نیوز‘ کے مطابق سکیورٹی ذرائع کا بتانا ہے کہ عمران خان کی جانب سے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو لکھا گیا خط موصول نہیں ہوا۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہےکہ میڈیا پر خبر سامنے آئی کہ بانی پی ٹی آئی نے کوئی خط لکھا ہے۔
سکیورٹی ذرائع نے بتایاکہ اگر کسی بھی معاملے پربات کرنی ہے تو سیاستدانوں سےکی جائے، ایسے کسی بھی خط کو پڑھنے میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔
عمران خان کے وکیل فیصل چوہدری نے گزشتہ روز تصدیق کی تھی کہ بانی پی ٹی آئی نے آرمی چیف کو 6 نکات پر مشتمل خط لکھا ہے جس میں پہلا نقطہ فراڈ الیکشن اور منی لانڈرز کو جتوانے سے متعلق ہے۔
یہ بھی پڑھیں: “فوج بھی میری اور ملک بھی میرا” عمران خان کی جانب سے آرمی چیف کو لکھے گئے خط کا متن بھی سامنے آگیا
دوسرا نقطہ 26 ویں آئینی ترمیم، قانون کی حکمرانی اور عدلیہ متاثرہونے پر ہے جب کہ بانی پی ٹی آئی نے القادر ٹرسٹ کیس فیصلے کا بھی حوالہ دیا ہے۔
فیصل چوہدری نے کہا تھا کہ خط میں چوتھا نقطہ پی ٹی آئی کے خلاف دہشتگردی کے پرچے، چھاپے اورگولیاں چلانے پر ہے جب کہ پانچواں نقطہ انٹیلی جنس اداروں کے کام سے متعلق ہے۔
فیصل چوہدری نے مزید کہا تھا کہ عمران خان نے خط میں آرمی چیف سے پالیسیاں تبدیل کرنے کی درخواست کی ہے۔
عمران خان کے آرمی چیف کو خط پر بیرسٹر گوہر نے کہا کہ میں نے اب تک بانی پی ٹی آئی کا یہ خط پڑھا یا دیکھا نہیں لیکن اگر ان کی طرف سے خط پر رسپانس آتا ہے تو ہم خیرمقدم کریں گے۔