April 19, 2025 10:30 am

English / Urdu

Follw Us on:

یومِ یکجہتی کشمیر: کشمیریوں کی آزادی تک پاکستان کا عزمِ جواں

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
یومِ یکجہتی کشمیر: کشمیریوں کی آزادی تک پاکستان کا عزمِ جواں

پاکستانی عوام 5 فروری کو یومِ یکجہتی کشمیر کے طور پر مناتے ہیں، جس کا مقصد کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ اپنے غیر متزلزل عزم کا اظہار کرنا ہے۔

اس دن کو منانے کا مقصد کشمیر کی آزادی کے لیے جدوجہد کرنے والے کشمیریوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور ان کے حقِ خودارادیت کی حمایت میں عالمی برادری کو متحرک کرنا ہے۔

اس موقع پر مختلف پاکستانی رہنماؤں نے اپنے پیغامات میں کشمیریوں کے عزم و حوصلے کی تعریف کی اور بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں جاری ظلم و جبر کے خلاف عالمی برادری سے فوری اور فیصلہ کن اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔

یومِ یکجہتی کشمیر کے اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے یومِ یکجہتی کشمیر پر بیان دیتے کہا کہ پاکستان ہمیشہ کشمیری عوام کے ساتھ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں معاشی استحکام اور ترقی کے لیے سب کی مشترکہ محنت کی ضرورت پر زور دیا اور عالمی برادری سے کشمیر میں بھارتی ظلم کا نوٹس لینے اور کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کو تسلیم کرنے کا مطالبہ کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے یومِ یکجہتی کشمیر پر بیان دیتے کہا کہ پاکستان ہمیشہ کشمیری عوام کے ساتھ ہے
(فائل فوٹو)

اس موقعہ پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے یومِ یکجہتی کشمیر پر اپنے پیغام میں کہا کہ “کشمیری عوام آزادی کا سورج جلد دیکھیں گے۔”

انہوں نے کہا کہ ہر پاکستانی کے دل میں کشمیر کی محبت خون کی مانند دوڑتی ہے اور کشمیری شہداء کے خون کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارتی بربریت نے جنت نظیر وادی کو جیل میں تبدیل کر دیا ہے، لیکن اس کے باوجود کشمیری عوام اپنے حقِ خودارادیت کے لیے ڈٹے ہوئے ہیں۔

مریم نواز نے اقوامِ متحدہ اور دیگر عالمی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالیوں اور خونریزی کے خلاف فوری طور پر اپنا کردار ادا کریں۔

یہ بھی پڑھیں:’حکمران کشمیر پر سودے بازی سے باز رہیں ‘ کراچی کشمیر کانفرنس کے شرکا کا مطالبہ

مریم نواز نے اقوامِ متحدہ اور دیگر عالمی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالیوں اور خونریزی کے خلاف فوری طور پر اپنا کردار ادا کریں
(فائل فوٹو)

اس کے علاوہ صدر پاکستان آصف علی زرداری نے بھی یومِ یکجہتی کشمیر پر اپنے پیغام میں کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کی حمایت کی۔

انہوں نے کہا کہ “اقوامِ متحدہ اور عالمی برادری کو کشمیریوں سے 77 سال قبل کیے گئے وعدوں کا احترام کرنا ہوگا۔” صدر زرداری کا کہنا تھا کہ بھارت کشمیریوں کے حقوق چھین رہا ہے، اور مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں عالمی برادری کے لیے ایک سنگین چیلنج ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے 5 اگست 2019 کو غیر قانونی اقدامات کے ذریعے کشمیر کی حیثیت کو تبدیل کرنے کی کوشش کی، جس سے کشمیری عوام کی جدوجہد مزید پیچیدہ ہو گئی ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ “کسی بھی قسم کا ظلم کشمیریوں کے عزم کو کمزور نہیں کر سکتا، اور پاکستان ہمیشہ اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑا رہے گا۔

کسی بھی قسم کا ظلم کشمیریوں کے عزم کو کمزور نہیں کر سکتا
(فائل فوٹو)

دوسری جانب صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے بھی اپنے پیغام میں کہا کہ “بھارت کی ہندوتوا پالیسیوں کے باعث بھارت کا شیرازہ جلد بکھر جائے گا، اور مودی بھارت کا گورباچوف ثابت ہوگا۔”

انہوں نے کشمیری عوام کے حوصلے اور استقلال کو سراہتے ہوئے کہا کہ بھارت کے ظلم و جبر کے باوجود کشمیری اپنی جدوجہد سے کبھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

آزاد کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوار الحق نے بھی یومِ یکجہتی کشمیر پر اپنے پیغام میں کہا کہ “یہ دن پاکستان اور کشمیر کے عوام کے لازوال رشتہ کی علامت ہے۔”

انہوں نے کشمیری عوام کی جدوجہد کو سراہا اور کہا کہ وہ دن دور نہیں جب کشمیری عوام آزادی کی نعمت سے ہمکنار ہوں گے۔

چوہدری انوار الحق نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ بھارت کے انتہا پسندانہ اقدامات کا نوٹس لے اور کشمیری عوام کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ان کا حقِ خودارادیت دلانے کے لیے عملی اقدامات کرے۔

انہوں نے کشمیری عوام کی جدوجہد کو سراہا اور کہا کہ وہ دن دور نہیں جب کشمیری عوام آزادی کی نعمت سے ہمکنار ہوں گے
(فائل فوٹو)

یومِ یکجہتی کشمیر کے اس موقع پر پاکستانی رہنماؤں نے عالمی برادری سے سخت مطالبات کیے ہیں۔ اقوامِ متحدہ سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے ہاتھوں ہونے والی انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا نوٹس لے اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کو یقینی بنائے۔

یومِ یکجہتی کشمیر پاکستان اور کشمیری عوام کے لازوال رشتہ کو ثابت کرتا ہے۔ جس میں کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت کا عہد کیا جاتا ہے۔

اس دن کے موقع پر پاکستانی رہنماؤں نے کشمیر کے مسئلے کے حل کے لیے عالمی برادری کی ذمہ داریوں کو اجاگر کیا اور کشمیری عوام کی جدوجہد کو کامیاب بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

یہ دن ایک یاددہانی ہے کہ کشمیر کے لوگ اپنے حق کے لیے مسلسل جدو جہد کر رہے ہیں اور وہ وقت قریب ہے جب انہیں آزادی کی نعمت نصیب ہوگی۔

مزید پڑیھیں:اسماعیلیوں کے روحانی پیشوا پرنس کریم آغا خان انتقال کر گئے

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

متعلقہ پوسٹس