پاکستان ڈیری کیٹل اینڈ فارمرز ایسوسی ایشن پاکستان کا 33 رکنی وفد ترکیہ تربیتی دورے پر روانہ ہو گیا، جس کی قیادت صدر ڈیری کیٹل اینڈ فارمرز ایسوسی ایشن پاکستان شاکر عمر گجر کر رہے ہیں۔
پاکستانی کسانوں کے وفد میں پنجاب، بلوچستان اور سندھ کے کسان شامل ہیں۔ پاکستانی کسانوں کا وفد ترکیہ میں ‘ایگرو ایکسپو’ کے تربیتی سیشن میں شرکت کرے گا۔
واضح رہے کہ ازمیر ترکیہ کی ‘ایگرو ایکسپو’ میں دنیا بھر سے کسانوں کے نمائندے شرکت کر رہے ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاکر عمر گجر نے کہا ہے کہ ازمیر ترکیہ میں تربیتی سیشن پاکستان کے کسانوں کے لیے بہت سود مند ثابت ہوگا اور پاکستان کے کسانوں کو ترکیہ کے تجربات سے سیکھنے کا موقع ملے گا۔
پاکستان ڈیری کیٹل اینڈ فارمز ایسوسی ایشن کے صدر شاکر عمر گجر نے کہا ہے کہ زراعت پاکستانی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے، جس کے فروغ کے لیےجدید ٹیکنالوجی اور ریسرچ وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انھوں نے کہا ہے کہ پاکستان میں زرعی انقلاب سے ہمیشہ کے لیے قرضوں سے نجات حاصل کرسکتے ہیں۔