قذافی اسٹیڈیم لاہور میں رنگا رنگ تقریب منعقد کی گئی، جہاں بڑی تعداد میں شائقینِ کرکٹ نے شرکت کی، ملک کے نامور گلوکاروں نے شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کیا، ‘دل دل پاکستان’ اور کھیل پھر جمے گا، میدان پھر سجے گا’ کے نعروں سے اسٹیڈیم گونج اٹھا۔
وزیرِاعظم پاکستان، وزیرِداخلہ محسن نقوی اور دیگر اعلیٰ حکام نے قذافی اسٹیڈیم لاہور کا افتتاح کیا اور عوام سے خطاب کیا، قذافی اسٹیڈیم لاہور میں آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا، ہر طرف ترانوں، گانوں اور پاکستان زندہ باد کے نعروں کی آواز گونجی تھی۔
پاکستانی سٹار سنگر علی ظفر نے تقریب میں شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کیا، انھوں نے اپنے گانوں اور ترانوں سے شائقینِ کرکٹ کو اپنا گرویدہ بنا لیا۔ علی ظفر کی آواز، ڈھول کی تھاپ اور ہر طرف موبائل کی روشنی نے سماں باندھ دیا تھا، شائقین کی خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہیں تھا اور وہ جھوم کر گنگنا رہے تھے۔

مشہور گلوکارہ آئمہ بیگ نے بھی تقریب میں اپنی سریلی آواز کا جادو بکھیرا، انھوں نے اپنے گانوں سے کرکٹ کے دیوانوں کو اپنی آواز کے سحر میں جکڑ لیا، ڈھول کی تھاپ میں شائقین جھومے اور ہر ایک زبان آئمہ کے ساتھ گنگنا رہی تھی۔

نامور گلوکار عارف لوہار نے اپنی شاندار پرفارمنس سے شائقین کے دلوں کو موہ لیا، عارف لوہار نے افتتاحی تقریب کو چار چاند لگا دیے، برقی جگمگوں کی روشنی میں شائقینِ کرکٹ لطف اندوز ہوئے۔
وزیرِاعظم شہباز شریف نے قذافی اسٹیڈیم کا افتتاح کرنے کے بعد شائقین سے خطاب کیا، شہباز شریف نے کہا کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی قیادت میں 117 دنوں میں اسٹیڈیم کی تعمیر کا ناممکن کام ممکن بنایا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ محسن نقوی کی ایک عادت ہے، جو اچھے کام کرتے ہیں، ان کو لندن کی سیر کراتے ہیں۔
میں محسن نقوی سے گزارش کرنا چاہوں گا کہ محسن نقوی کام کرنے والے 2500 افراد کو لندن کی سیر کروائیں اور ان کی حوصلہ افزائی کریں۔
شہباز شریف نے کہا کہ ہمارے کھلاڑیوں نے اعلیٰ کرکٹ کھیلی ہے اور پوری قوم کا دل جیتا ہے، چیمپیئنز ٹرافی قومی کھلاڑیوں کی جیت کی منتظر ہے۔
انھوں نے محسن نقوی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہباز اسپیڈ ماضی کی بات ہے، اب محسن اسپیڈ کی بات کرتا ہوں۔
انھوں نے کرکٹرز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ چیمپیئنز ٹرافی جیت کر قوم کے ہیروز بنیں گے، آپ دشمنوں کو شکست دیں اور 25 کروڑ عوام کا دل جیت لیں۔

ذرائع کے مطابق تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف نے نئے قذافی اسٹیڈیم کا افتتاح کردیا، چیئرمین پی سی بی محسن نقوی افتتاحی تقریب میں موجود ہیں اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی افتتاحی تقریب میں شرکت کی ہے۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قذافی اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش کے لیے مزدوروں نے دن رات کام کیا، پاک فوج کی مدد کے بغیر ریکارڈ مدت میں اسٹیڈیم کی اپ گریڈیشن ممکن نہیں تھی۔
محسن نقوی نے کہا کہ پنجاب حکومت نے اسٹیڈیم کی تعمیر نو میں بھر پور تعاون کیا ہے، وعدے کے مطابق چیمپیئنز ٹرافی سے قبل اسٹیڈیم کی تعمیر نو کا ہدف پورا کیا گیا ہے، 2500 مزدورں نے منصوبے پر کام کیا ، بہت سے مزدور ایسے تھے جو تین ، تین ماہ سے گھر نہیں گئے تھے ، منصوبے کی تکمیل میں پنجاب حکومت کا تعاون نہ ہوتا تو اطراف میں کھنڈر نظر آتا۔
چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ مشکل وقت میں پاک فوج ایک بار پھر ہمارے کام آئی ہے اور 30 سال بعد پاکستان میں کوئی بڑا ٹورنامنٹ ہونے جا رہا ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قذافی اسٹیڈیم کی مکمل ٹرانسفارمیشن ہوئی ہے، نئے قذافی اسٹیڈیم کے بہت چرچے ہیں، اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش دیکھ کر بہت خوشی ہوئی ہے۔
ایاز صادق نے کہا کہ انشااللہ پاکستان کرکٹ ٹیم اچھا پرفارم کرے گی، میچ ہارنے پر ٹیم پر تنقید کے بجائے حوصلہ افزائی کرنی چاہیے، ہار جیت کھیل کا حصہ ہے، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے محسن نقوی کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق عوام کی بڑی تعداد کو دیکھتے ہوئے سیکیورٹی مزید سخت کی گئی۔ داخلی راستوں پر چیکنگ کا سخت نظام نافذ کیا گیا اور کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو اندر جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔

قذافی میں منعقدہ تقریب میں کرکٹ کے مستقبل سے متعلق اہم اعلانات کیے گئے، کرکٹ کے مداح بے حد پرجوش نظر آئے۔
قذافی اسٹیڈیم کے اطراف ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے، تاہم رش کے باعث کچھ علاقوں میں سست روی دیکھنے میں آئی۔
واضح رہے کہ سہ ملکی سیریز اور آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کی میزبانی کے لیے قذافی اسٹیڈیم مکمل طور پر تیار ہو گیا ہے، وزیراعظم شہباز شریف اسٹیڈیم کا افتتاح کیا ہے۔