قذافی اسٹیڈیم لاہور کی 117 دن میں تعمیر نو کرنے کے بعد افتتاح کر دیا گیا، افتتاح کرنے والے 2500 ملازمین نے تین، تین ماہ گھر گئے بغیر نا ممکن کو ممکن بنا دیا۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں منعقد ہونے والی رنگا رنگ تقریب میں اعلیٰ حکام اور ہزاروں کی تعداد میں شائقین نے شرکت کی ،اس تقریب میں وزیرِاعظم پاکستان، پی سی بی کے چئیرمین محسن نقوی اوراسپیکر ایاز صادق نے شرکا سے خطاب کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم سب کے لیے خوشی کا دن ہے،قذافی اسٹیڈیم کی تعمیر نو شاندار طریقے سے مکمل ہوئی، محسن نقوی نے 117 دنوں میں ناممکن کو ممکن کر کےدکھایا۔
وزیراعظم نے تعمیر میں کردار ادا کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی، انجینئرز اور ورکرز کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، شہباز اسپیڈ ماضی کی بات ہے، اب میں محسن اسپیڈ کی بات کرتا ہوں۔
شہباز شریف کا کہنا ہے کہ محسن نقوی کی اچھی عادت ہے جو اچھے کام کرتے ہیں انکو لندن کی سیر کراتے ہیں ، محسن نقوی ان کام کرنے والے 2500 افراد کو لندن کی سیر کروائیں اور حوصلہ افزائی کریں ۔
انہوں نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی پاکستانی ٹیم کی جیت کی منتظر ہے، چیمپئنز ٹرافی بھارت کیخلاف کامیابی کی منتظر ہے، یہ ٹرافی اللہ تعالی پاکستان کی جھولی میں ڈالے گا ،
شہباز شریف نے شاہین شاہ افریدی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ شاہین آفریدی آپ اپنے سسر کی پیروی کریں اور وکٹوں کے انبار لگا دیں، آپ چمپئن ٹرافی جیت کر پورے قوم کے ہیروز ہوں گے ، آپ ہمسایہ ملک کو شکست دے کر 24 کروڑ عوام کے دل جتیں گے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں معاشی استحکام آیا ہے ،29سال بعد بہت بڑا ایونٹ ہورہا ہے ، وزیراعلی پنجاب بہترین سیکیورٹی فراہم کریں گی ، شایقین کو بہترین کرکٹ دیکھنے کا موقع ملے گا ،
پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قذافی اسٹیڈیم تزئین و آرائش کےلیے مزدوروں نے دن رات کام کیا، پاک فوج کی مدد کے بغیر ریکارڈ مدت میں اسٹیڈیم کی اپ گریڈیشن ممکن نہیں تھی،مشکل وقت میں پاک فوج ایک بار پھر ہمارے کام آئی ۔
محسن نقوی نے کہا کہ پنجاب حکومت نے اسٹیڈیم کی تعمیر نو میں بھر پور تعاون کیا، چمپئن ٹرافی سے قبل اسٹیڈیم کی تعمیر نو کا ہدف پورا کیا گیا ، منصوبے کی تکمیل میں پنجاب حکومت کا تعاون نہ ہوتا تو اطراف میں کھنڈر نظر آتا ، 2500مزدورں نے منصوبے پر کام کیا،بہت سے مزدور ایسے تھے جو تین ، تین ماہ سے گھر نہیں گئے تھے۔
اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قذافی اسٹیڈیم کی مکمل ٹرانسفارمیشن ہوئی ہے، نئے قذافی اسٹیڈیم کے بہت چرچے ہیں، اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش دیکھ کر بہت خوشی ہوئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ انشااللہ پاکستان کرکٹ ٹیم اچھا پرفارم کرے گی، میچ ہارنے پر ٹیم پر تنقید کے بجائے حوصلہ افزائی کرنی چاہیے۔