بین الاقوامی مالیاتی فنڈ ( ایم آئی ایف ) نے جامع گورننس اور بدعنوانی کا جائزہ لینے کے لیے پاکستان میں ایک مشن بھیجا ہے، توقع کی جا رہی ہے کہ یہ وفد 19 ریاستی اداروں کے ساتھ ملاقات کرے گا، جس میں ججوں کی تقرری کے عمل، عدالتی سالمیت اور اس کی آزادی کا جائزہ بھی شامل ہے۔
نجی نشریاتی ادارے ایکسپریس نیوز کے مطابق آئی ایم ایف کی طرف سے بھیجا گیا یہ مشن پاکستان میں 14 فروری تک قیام کرے گا، جو 19 حکومتی وزارتوں، محکموں اور ریاستی اداروں کے نمائندوں سے ملاقات کرے گا، جس میں جوڈیشل کمیشن آف پاکستان اور سپریم کورٹ آف پاکستان بھی شامل ہیں۔
آئی ایم ایف کی طرف سے بھیجے گئے اس مشن کا فوکس قانون کی حکمرانی، انسداد بدعنوانی، مالیاتی نگرانی، ریاست کے نظم و نسق کے ڈھانچے میں اچھے مفادات کو ختم کرنا اور منی لانڈرنگ کا مقابلہ کرنا ہے۔
واضح رہے کہ اس مشن کی منصوبہ بندی گزشتہ سال ستمبر میں کی گئی تھی، لیکن یہ مشن پاکستان میں ایسے وقت میں آیا ہے، جب اسلام آباد ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ آف پاکستان کے ججوں نے اعلیٰ عدلیہ میں ججوں کی تقرری کے عمل پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
یاد رہے کہ 26 ویں آئینی ترمیم ججوں کی تقرری کے عمل میں بنیادی تبدیلیاں لائی ہے، جس سے خدشات ظاہر کیے جا رہے تھے کہ سپریم کورٹ کے جج کی تقرری کے وقت نا انصافی ہو سکتی ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق مشن اگلے ہفتے جوڈیشل کمیشن کے ساتھ میٹنگ کرے گا اور ججز کی تقرری کے طریقہ کار پر بات کرے گا، یہ عدالتی سالمیت اور آزادی کے بارے میں جائزہ لینے کے لیے سپریم کورٹ آف پاکستان سے ملاقات کرنے کا بھی ارادہ رکھتا ہے۔

مشن اپنے جائزے کو حتمی شکل دے گا اور اس کی رپورٹ جولائی 2025 تک شائع کی جائے گی۔ 7 بلین ڈالر کے معاہدے کے تحت پاکستان جولائی تک گورننس اور کرپشن کی تشخیص کی مکمل رپورٹ شائع کرنے کا پابند ہے۔
پاکستان نے آئی ایم ایف کے ساتھ یہ بھی عہد کیا ہے کہ عالمی قرض دہندہ کی صلاحیت کی ترقی کی حمایت کے ساتھ، وہ “انتظامی نظم و نسق اور بدعنوانی کے خطرات کا تجزیہ کرنے اور آگے بڑھنے والی ترجیحی ڈھانچہ جاتی اصلاحات کی نشاندہی کرنے کے لیے گورننس اور بدعنوانی کی تشخیص کا جائزہ لے گا”۔
آئی ایم ایف قومی احتساب بیورو کے ساتھ مل کر انسداد بدعنوانی کی قومی حکمت عملی، بدعنوانی کی نوعیت اور شدت، انسداد بدعنوانی کے قانون کے نفاذ سمیت منی لانڈرنگ کی تحقیقات اور پراسیکیوشن پر بھی تبادلہ خیال کرے گا۔
وزارت اقتصادی امور کے ساتھ ایک میٹنگ کا بھی منصوبہ بنایا گیا ہے، جس میں بیرونی قرضوں، وزارت خزانہ کے ساتھ قرض کے انتظام کے تعاون بشمول قرضوں کے ڈیٹا اکٹھا کرنے اور اشاعت پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔